پنجاب کابینہ نے قصور سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دیدی

پنجاب کابینہ نے قصور سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعد د مسودہ قانون اور منصوبوں کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے قصور شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دی۔شیخوپورہ اور ننکا نہ صاحب میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے ۔پہلے مرحلے میں قصور کے سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیاجائے گا۔اجلاس میں وزیر اعلی چولستان پیکیج کے تحت چولستان کے بے زمین افراد کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کے اقدام کی بھی منظوری دی گئی اورسرکاری اراضی کی الاٹمنٹ قابل توسیع ہو گی۔ کابینہ اجلاس کے دوران پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء اورپنجاب انیمل ہیلتھ ایکٹ 2017ء کے مسودوں کی بھی منظوری دی گئی۔پنجاب میں سیمنٹ سیکٹر کیلئے نیگٹیو اور پازٹیو ایریاز کو ڈیکلیئر کرنے کے ا قدام کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب کی پہلی معدنیاتی پالیسی 2018ء کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ نے مجوزہ یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے قیام کیلئے چارٹر اور نارووال یونیورسٹی آف نارووال کے قیام کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب ڈرگز رولز2007 ء میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور پنجاب کابینہ کی جانب سے مردان میں اسماء کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعہ میں ڈی این اے ٹیسٹ میچ کرنے پر ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی ۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کاوشوں اور انتھک محنت کو بھی سراہا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فرانز ک سائنس ایجنسی نے جس طرح قوم کی بیٹی زینب اور اسماء کے کیسوں کا سراغ لگایا ہے وہ اللہ تعالی کا بے پایاں فضل و کرم اور پوری ٹیم کی محنت کے باعث ہوا ہے جس پرمیں دونوں کیسوں میں اہم پیشرفت پر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ معصو م بچیوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی گئی جس پر پوری قوم غمزدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کو آگے بڑھایاجس پر کامیابی ملی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ فوری طور پر شرع کرے اورسیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب تک بڑھایا جائے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ہم سب کو ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ چولستان میں پہلے مرحلے میں اہل بے زمین افراد کو کھیتی باڑی کیلئے سرکاری اراضی دی جائے گی اوریہ اراضی قابل توسیع ہو گی ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ پالیسی 2017ء کا اعلان عالمی یوم نسواں پر کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کے معدنی ذخائر کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری معدنیات کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔محکمہ معدنیات نے بہترین انداز میں کام کیا ہے اور شاندار مثال قائم کی ہے ۔ اس طرح کی شاندار مثالیں حوصلہ بڑھاتی ہیں اور عزم کو تقویت دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ پلانٹس سمیت کوئی صنعت نیگٹیو ایریا میں نہیں لگ سکے گی۔ ماضی میں سیمنٹ پلانٹس لگانے کی اجازت دے کر سالٹ مائنز کے علاقے کو تباہ کیا گیا۔ آئندہ نیگٹیو ایریاز میں کوئی سیمنٹ انڈسٹری نہیں لگ سکے گی۔ وزیر اعلی پازٹیو ایریا میں انڈسٹری لگانے کی اجازت کیلئے متعلقہ محکموں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کمیٹی آئندہ دو ہفتے میں ٹی او آر تیار کر کے پیش کرے گی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ غیر قانو نی توسیع والے سیمنٹ پلانٹس کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے سیمنٹ پلانٹس کو معیار پر پورا اترنا ہو گا۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں لائیو سٹاک کے فروغ کے حوالے سے سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق کی کارکردگی کو سراہا گیا۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ’’خادم پنجاب آب صحت پراجیکٹ‘‘ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیراعلیٰ نے آب صحت پراجیکٹ کی تکمیل کے مختلف مراحل پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 21 اضلاع میں فنکشنل واٹر سپلائی سکیموں پر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر کے 1743 دیہات میں 1807 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ اس اقدام سے صوبے کے مختلف اضلاع کے دیہات میں 81 لاکھ مکینوں کو صاف پانی میسر ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ’’خادم پنجاب آب صحت پراجیکٹ‘‘ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس پراجیکٹ کو کم سے کم لاگت اور بہترین معیار کیساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آب صحت پراجیکٹ دیہات کے عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کی قابل ستائش کاوش ہے۔ آب صحت پراجیکٹ میں معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی کو عوام کی صحت کیساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -