طلال چودھری کو وکیل مقرر کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

طلال چودھری کو وکیل مقرر کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی،این این آئی ) سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کو توہین عدالت کیس میں وکیل مقرر کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت د یتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13فروری تک ملتوی کردی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے طلال چودھری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر طلال چودھری سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید اور وزیر مملکت طارق فضل چودھری بھی تھے۔سماعت کے آغاز پر طلال چودھری نے عدالت عظمی سے وکیل مقرر کرنے کیلئے 3ہفتوں کا وقت طلب کیا۔جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا تین ہفتے کیوں، تین سال کیوں نہیں؟جس پر طلال چودھری نے جواب دیا کہ وکیل مصروف ہوتے ہیں، اس لیے تین ہفتے کی مہلت طلب کی ہے تاہم عدالت عظمی نے وزیر مملکت طلال چودھری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت13فروری تک کیلئے ملتوی کردی جبکہ عدالت نے آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت طلال چودھری کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ منگل تک جواب طلب کر لیا ۔بعدازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ہماری مہم نظام عدل کیلئے ہے، کسی ادارے کی تضحیک کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اپنی تقریر میں کسی کو انفرادی طور پر کچھ نہیں کہا، نواز شریف کیخلاف فیصلے نے ہمیں سیاسی طورپر بہت نقصان پہنچایا اس وقت بھی خاموش رہے۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ نواز شریف نے عدلیہ کی آزادی کیلئے تحریک چلائی تھی وہ تحریک بھی پی سی او ججز کیخلاف تھی۔ طلال چودھری نے کہا کہ اب نواز شریف نظام عدل کی تحریک چلا رہے ہیں جس کا مقصد عوام کے ووٹ کی عزت کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تقریر میں کسی کو انفرادی طور پر کچھ نہیں کہا۔ ہم تو کہتے ہیں آئین میں وہ تبدیلیاں لائینگے جس میں عوام کے ووٹ کی تضحیک نہ ہوسکے۔ طلال چودھری نے کہا کہ ہم نے تب بھی کوئی بات نہیں کی جب نواز شریف کیخلاف فیصلہ آیا حالانکہ اس فیصلے نے ہمیں سیاسی طور پر بہت نقصان پہنچایا۔ ایک سوال پر طلال چودھری نے کہا کہ سیاسی معاملات سیاسی طور پر حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیس کی تنخواہیں بڑھائی گئی ہیں جس کو دیکھتے ہوئے دیگر صوبوں نے بھی پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔

طلال چودھری کیس

اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی ۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

مزید : صفحہ اول