بچوں کے حقوق کا تحفظ قوموں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

بچوں کے حقوق کا تحفظ قوموں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے منائے جانیوالے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصد عوام میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آگہی پیدا کرنا ہے۔بچوں کو محفوظ حال اور مستقبل دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں، لہٰذا قوم کے نونہالوں کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قوم کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ ، فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت کا اہتمام قوم کے معماروں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کا بہترین طریقہ ہے اور پنجاب حکومت مستقبل کے معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروموثر انداز سے کام کر رہا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں قوم کے معماروں کے حقوق کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں سے مزدوری لینے کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں ۔ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنیوالے ہزاروں بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا گیا ہے اور معصوم ہاتھوں میں اینٹ گارے کی جگہ قلم کتاب دی گئی ہے۔

مزید : صفحہ آخر