پاک امریکہ تعلقات میں سرد مہری کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے: احسن اقبال

پاک امریکہ تعلقات میں سرد مہری کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے: احسن اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن(مانیٹرنگ دیسک،این این آئی،صباح نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں سرد مہری کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے۔وزیر داخلہ احسن اقبال نے واشنگٹن میں عالمی جیو پولیٹیکل خطرات کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمٹتی دنیا میں اشتراک کے سوا تمام راستے انتشار کے ہیں۔احسن اقبال نے کہاکہ دہشت گرد گروہ بین الاقوامی نیٹ ورک بن چکے ہیں اور سکیورٹی کے خطرات علاقائی نہیں رہے بلکہ پوری دنیا کیلئے چیلنج بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ عالمی اتحاد و اشتراک سے ہی کیا جا سکتا ہے اور دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے پوری دنیا کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار جانوں کی قربانی دی اور 120 ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز نے پورے ملک میں 40 لاکھ سرچ آپریشنز، 21 لاکھ 8727 کومبنگ آپریشنز اور 16 ہزار سے زائد انٹیلی جنس آپریشنز کیے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کو فروغ دیا گیا اور 4 برسوں میں پاکستان نے دہشت گردی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، تمام اداروں اور قوتوں کے اشتراک سے دہشت گردوں کے خلاف کامیابی ملی۔احسن اقبال نے کہاکہ امریکا کو اتحاد اور اشتراک کی پالیسی سے ہی کامیابی مل سکتی ہے جبکہ پاکستان امریکا تعلقات میں سرد مہری کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے ذریعے ہی امن و استحکام کو پائیدار بنایا جا سکتا ہے، امریکا اور یورپی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ امن کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ افغانستان میں45 سے 70 فیصد علاقہ انتہا پسندوں کے قبضے میں ہے جبکہ افغانستان میں داعش کا جمع ہونا پورے خطے کیلئے خطرہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے منشیات کی سمگلنگ بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ پاکستان آج تک سوویت یونین کے خلاف جنگ کی قیمت ادا کر رہا ہے۔قبل ازیں نیشنل پرئیر بریک فاسٹ میں شریک رہنماؤں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جاری عالمی جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام جتنی قربانیاں کسی نے نہیں دیں، اقتصادی تعاون کے ذریعہ خطہ میں امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے ،تمام مسائل کا حل بات چیت اور سیاسی سوچ سے ہی ہو سکتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے جتنی قربانیاں دہشت گردی کیخلاف دی ہیں اتنی کسی نے نہیں دیں لہٰذا پاکستان کی ان قربانیوں کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا سکڑ رہی ہے ،مسائل کو عالمی اشتراک سے ہی حل کیا جا سکتا ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے ذریعہ خطہ میں امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت اور سیاسی سوچ سے ہی ہو سکتا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -