ایم کیو ایم خود انتشار کا شکار، عوامی خدمت کیا کرے گی: مراد علی شاہ

ایم کیو ایم خود انتشار کا شکار، عوامی خدمت کیا کرے گی: مراد علی شاہ

خیرپور(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم خود دھڑوں میں بٹ گئی وہ عوام کی کیا خدمت کرے گی۔خیرپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی دھڑے بندی کے بعد آنے والے بیانات پر افسوس ہے، جنہیں اپنے لوگوں پر ہی اعتماد نہیں وہ عوام کی کیا خدمت کریں گے۔ ایم کیو ایم میں اتحاد قائم ہونے سے پہلے ہی اختلافات پیدا ہوگئے جب کہ اس کا پاک سرزمین پارٹی سے صرف 8 گھنٹے کے لیے الحاق ہوا تھا۔ اس وقت امن و امان کی صورتحال سب سے زیادہ سندھ میں بہتر ہے اور کراچی کے امن سے کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے۔نقیب اللہ قتل سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی ملزم کا ساتھ نہیں دیتی راؤ انوار پر ضرور مقدمہ چلایا جائے گا۔وہ اس وقت ایک ملزم ہے اور اگر وہ بے قصور ہیں تو خود کو عدالت میں پیش کرکے بے قصور ثابت کریں۔

مزید : صفحہ آخر