کرپشن مافیا عوام کو دھوکہ دینے کیلئے ایک دوسرے پر الزامات لگا رہا ہے: سراج الحق

کرپشن مافیا عوام کو دھوکہ دینے کیلئے ایک دوسرے پر الزامات لگا رہا ہے: سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( ان این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تین تین باریاں لینے اور ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے والے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ، ملک میں ایک بار پھر کرپشن مافیا عوام کو دھوکہ دینے کیلئے ایک دوسرے پر الزامات لگا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف دفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں عوام اپنا ووٹ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لیے استعمال کریں اور جن لوگوں نے ملک و قوم کو غربت،مہنگائی،بے روزگاری اور بدامنی کی دلدل میں دھکیلا ہے ان سے اپنی محرومیوں کے تمام حساب بیباق کرلیں تاکہ آئندہ ان لٹیروں کولوگوں کی قسمت سے کھیلنے کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذ کو یقینی بنائے اور جن لوگوں پر کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے الزامات ہیں جب تک عدالتیں انہیں کلیئر نہ کردیں ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر کرپٹ ٹولہ مختلف پارٹیوں کے پرچم اٹھا کر اور چہرے بدل کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو ملک بھر میں پورے قومی جوش و جذبے سے منانے پر قوم کو مبارکبا د دیتے ہوئے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں عوام نے سڑکوں پر نکل کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستانی قوم کی طرف سے اظہار یکجہتی کشمیریوں کے جذبہ حریت اور حوصلوں کو بڑھا دیتا ہے اور حکمرانوں کی کوتاہیوں کی وجہ سے ان کے اندر جو مایوسی پیدا ہوتی ہے اس کو دوبارہ امید میں بد ل دیتا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جب تک پاکستان میں مضبوط اور اسلام سے محبت کرنے والی حکومت نہیں آئے گی ملک و قوم کے مسائل حل ختم ہونگے نہ کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا۔ دریں اثنا سجادہ نشین خانقاہ حسینیہ پیر ثنااللہ حسینی نے اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کی اتحاد امت کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے تمام مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کا اتحاد ضروری ہے ملک میں سیاسی افراتفری اور انتشار کا واحد حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔سینیٹر سراج الحق نے معاشرے کی اصلاح کے لیے خانقاہوں کے کردارکوسراہتے ہوئے کہا کہ علماء و مشائخ نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور وحدت کے لیے بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔خانقاہی نظام اورروحانی شخصیات کا پاکستا ن بنانے میں بنیادی کردار تھا اب پاکستان بچانے کے لیے بھی انہیں ہی میدان میں آنا چاہئے ۔

مزید :

صفحہ آخر -