ملکی ترقی و استحکام کیلئے پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنا ضروری ہے، بلاول بھٹو

ملکی ترقی و استحکام کیلئے پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنا ضروری ہے، بلاول بھٹو

رحیم یار خان (بیورو نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی رکنیت سازی شروع کر دی گئی ہے۔قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید جہموریت محترمہ بینظیر بھٹو کا پیغام پاکستان کے ہر فرد تک پہنچایا جائیگااور آئندہ الیکشن میں ذوالفقار بھٹو کے نعرے روٹی‘کپڑا اور مکان کے سلوگن پر عوام کو متحد اور منظم کیا جائیگا۔گذشتہ روز صادق آباد میں ہولو گرام خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ پیپلزپارٹی کو مضبوط کیا جائے اور کارکن پیپلزپارٹی کے پیغام کو عام کریں کیونکہ پیپلزپارٹی ہی پاکستان کو منظم کاور مضبوط کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں‘ محنت کشوں اورکسانوں کی جماعت ہے ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے عوام کو میرا ساتھ دینا ہو گا ‘ شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو جاری رکھیں گے ملک کے عوام نے میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بے نظیر بھٹو شہید کا ساتھ دیا تھا اب آئندہ الیکشن میں میرا ساتھ بھی دیں تاکہ ملک کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلایاجاسکے ، اگر مجھے خدمت کا موقع دیا گیا تو عوام کی امیدوں پر پورا اتروں گا۔رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید مرتضی محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ تخت لاہور کی آنکھوں میں آنکھیں ڈا ل کر الیکشن لڑیں گے اور جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔ عہدے اور اقتدار سے ہماری طرز زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہم صرف اور صرف عوام کے حقوق‘ انصاف کی فراہمی اور ان کی عزت کے تحفظ کیلئے سیاست کرتے ہیں اگر عہدہ عزیز ہوتا تو مخدوم سید احمد محمود پنجاب کی گورنری سے مسعتفی نہ ہوتے۔ پیپلزپارٹی شہدا کی جماعت ہے اور پاکستان کی ترقی کا پروگرام صرف اور صرف بلاول بھٹو کے پاس ہے انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کیلئے پیپلزپارٹی کا آئندہ الیکشن جیتنا ضروری ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنا ن بھی موجود تھے ۔جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما رانا طارق محمود‘ رانا قمر الزماں‘ خاور باجوہ‘ خالد بن سعیدایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کارکنان نے زبردست جوش و خروش اور جذبے کیساتھ نعرے بازی کی اور پارٹی ترانوں رقص کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول