طلال چودھری کو وکیل مقرر کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت ، شوکاز نوٹس جاری

طلال چودھری کو وکیل مقرر کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت ، شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی ) سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کو توہین عدالت کیس میں وکیل مقرر کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت د یتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13فروری تک ملتوی کردی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے طلال چودھری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر طلال چودھری سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید اور وزیر مملکت طارق فضل چودھری بھی تھے۔سماعت کے آغاز پر طلال چودھری نے عدالت عظمی سے وکیل مقرر کرنے کیلئے 3ہفتوں کا وقت طلب کیا۔جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا تین ہفتے کیوں، تین سال کیوں نہیں؟جس پر طلال چودھری نے جواب دیا کہ وکیل مصروف ہوتے ہیں، اس لیے تین ہفتے کی مہلت طلب کی ہے تاہم عدالت عظمی نے وزیر مملکت طلال چودھری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت13فروری تک کیلئے ملتوی کردی جبکہ عدالت نے آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت طلال چودھری کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ منگل تک جواب طلب کر لیا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول