2018ء جنوری کے لائن لاسز، ریکوری کی بنیاد پر بجلی کمپنی افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

2018ء جنوری کے لائن لاسز، ریکوری کی بنیاد پر بجلی کمپنی افسران کیخلاف ...

ملتان (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزارت توانائی نے اگلے مرحلے میں جنوری 2018کے لائن لاسز اور ریکوری کی بنیاد پر بجلی کمپنیوں کے چیف(بقیہ نمبر20صفحہ12پر )

ایگزیکٹو آفیسرز و اعلی ٰ افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ٹاپ تھری میں شامل میپکو‘ فیسکو اور آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز خطرے سے باہر نکل گئے ۔تفصیل کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن نے اگلے مرحلے میں اب ماہ جنوری 2018کے لائن لاسز اور ریکوری کی بنیاد پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز سمیت اعلی ٰ افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں رپورٹس کی بنیادپر ایکشن لیا جائے گا۔وزارت توانائی پاور ڈویژن نے پہلے مرحلے میں یکم فروری کو ناقص کارکردگی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی 4تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوآفیسر ز لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو)کے واجد علی کاظمی‘ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیسکو) کے عبداللطیف انجم ‘ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( پیسکو) کے شبیر خان اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ( کیسکو ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو فارغ کر دیا تھا۔ فارغ کئے گئے سی ای اوز نے ڈیرہ غازیخان کے اہم سیاسی رہنماؤں سے رابطے کئے تاکہ ان کے ذریعے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی خوشنودی حاصل کرکے اپنے عہدوں پر بحال ہو سکیں مگر وہ تاحال اپنے عہدوں پر بحال ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے جبکہ دیگر بجلی کمپنیوں کے سربراہان نے بھی اپنی فراغت کے خدشے کے پیش نظر اہم شخصیات سے پیشگی رابطے شروع کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق ان چاروں بجلی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو دسمبر2017 کے لائن لاسز اورریکوری کی ناقص صورتحال کی بنا پر عہدوں سے فارغ کیا گیا جبکہ جنوری 2018کے لائن لاسز اور ریکوری کی صورتحال کی بنا پر دیگر بجلی کمپنیوں کے سی ای اوز و اعلی ٰ افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میپکو بہترین کارکردگی کی بنا پر ٹاپ تھری بجلی کمپنیوں میں شامل ہے ۔ دیگر 2بجلی کمپنیوں میں اسلام آباد الیکٹرک پاورکمپنی ( آئیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی ( فیسکو ) شامل ہیں۔صارفین کے موبائل فون نمبرز کے حصول اور بلز پر درج کرنے میں میپکو ملک بھر کی بجلی کمپنیوں میں پہلے نمبر پر ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی ( پیپکو) نے ناقص کارکردگی پر گزشتہ ماہ مختلف بجلی کمپنیوں کے سربراہان کو نوٹس جاری کئے تھے جبکہ میپکو کی کارکردگی سب سے بہتر قرار دیتے ہوئے سی ای او میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری کو کارکردگی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر