مہمند ایجنسی ،محکمہ صحت کے ملازمین کا تنخواہوں کی بندش کیخلاف مظاہرہ

مہمند ایجنسی ،محکمہ صحت کے ملازمین کا تنخواہوں کی بندش کیخلاف مظاہرہ

مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، محکمہ صحت کے ملازمین کا تنخواہوں کی بندش، عدم مستقلی اور تبادلوں کی منسوخی کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حقوق نہ ملنے کی صورت میں پیرا میڈیکس ایسوسی ایشن کا پولیو مہم سے بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت مہمند ایجنسی کے ملازمین نے گزشتہ روز مہمند پریس کلب کے سامنے پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر احتجاجی مظاہر کیا۔اور روڈ کو آدھے گھنٹے سے زائد ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرے میں شریک ملازمین نے فاٹا سیکرٹریٹ حکام کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ محکمہ صحت ملازمین کا کہنا تھا کہ آٹھ مہینوں سے ڈیوٹی دینے کے باؤجود انہیں تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہے۔ جبکہ بار بار وعدوں کے باؤجود ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا سیکرٹریٹ کے تمام پراجیکٹس ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا لیکن محکمہ صحت ملازمین حساس علاقوں میں ڈیوٹیاں دینے کے باؤجود مستقل نہیں ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر پولیٹیکل انتظامیہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مطالبہ کیا کہ پیرا میڈیکس ملازمین کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ مظاہرین نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ تمام ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر