چارسدہ ،گھریلو ناچاقی پر دیوروں کی فائرنگ سے بھاوج جاں بحق
چارسدہ (بیورو رپورٹ) نستہ میں گھریلو ناچاقی پر دیور وں نے بھابھی کو قتل کر دیا ۔ ملزمان مقتولہ کی دو سالہ بیٹی کو بھی ساتھ لے گئے ۔ مقتولہ کا شوہردبئی میں محنت مزدوری کیلئے مقیم ہے ۔میری بہن کے ساتھ بڑی زیادتی کی گئی ۔ پہلے شوہر نے طلاق دی پھر دیور نے شادی رچائی اور شادی کے چند روز بعد انہوں نے بھی طلاق دیکر پہلے شوہر سے دوبارہ نکاح پڑھا کر قتل کر دیا۔مقتولہ کے بھائی کا بیان ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ نستہ کے حدود سکول کورونہ میں مبینہ ملزمان مرجان علی ،زاہد علی پسران خانزلی نے اپنی بھابھی مسماۃ ربخت زوجہ احمد علی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ۔ واقعہ کے بعد ملزمان مقتولہ کی دو سالہ بیٹی مومینہ کو اٹھا کر فرار ہو گئے ۔ پولیس نے مقتولہ کے بھائی عاصم ولد شفیق الرحمان کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔ مقتولہ کا شوہردبئی میں محنت مزدوری کیلئے مقیم ہے ۔ دوسری طرف مقتولہ کے بھائی عاصم نے چارسدہ جرنلسٹس کو تفصیلات بتا تے ہوئے کہاکہ چھ سال پہلے ان کی بہن مسماۃ ربخت کی شادی احمد علی سے ہوئی تھی ۔ شادی کے روز والد نے ڈولی میں میری بہن کو کہا کہ عروسی جوڑے میں بھیج رہا ہوں اور تم صرف سفید کفن میں میکے واپس آسکتی ہو۔اب تمہارا جینا مرنا سسرال ہے ۔ ہر قسم تکلیف برداشت کریں مگر کوئی گلہ شکوہ نہ کریں ۔ مقتولہ کے بھائی نے مزید کہا کہ شادی کے بعد ان کا بہنوئی احمد علی محنت مزدوری کیلئے دبئی چلا گیا اور دس ماہ پہلے انہوں نے ٹیلی فون پر میری بہن کو طلاق دی مگر بہن نے والد کی نصیحت پر عمل کر تے ہوئے ہمیں کچھ نہیں بتایا ۔ دس ماہ پہلے احمد علی کے بھائی زاہد علی نے میری بہن سے نکاح کیا اور کچھ دن قبل طلاق دیکر دوبارہ احمد علی سے ٹیلی فون پر نکاح پڑھایا مگر گزشتہ رات ملزمان زاہد علی اور اس کے بھائی مرجان علی نے میری بہن کو قتل کرکے مجھے ٹیلی فون پر اطلاع دی ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کو انصاف فراہم کیا جائے ۔