ضیاء الحق سرحدی کی قیادت میں وفد کی کلکٹر کسٹمز سے ملاقات

ضیاء الحق سرحدی کی قیادت میں وفد کی کلکٹر کسٹمز سے ملاقات

پشاور( سٹاف رپورٹر)فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ (FCAG)خیبر پختونخوا کے صدر ،ضیاء الحق سرحدی کی سربراہی میں خالد شہزاد سینئر نائب صدر (FCAG) ٗ امتیاز احمد علی نائب صدر ٗ آصف جمال نائب صدر،میاں وحید باچہ جنرل سیکرٹری،ایگزیکٹو ممبران عمار انصاری، محمد جاوید،سید ثمر عباس شیرازی اور خاور صدیق پر مشتمل ایک وفد نے نئے تعینات ہونے والے کلکٹر کسٹمز پشاورڈاکٹر سید جدون سے کسٹمز ہاؤس پشاورمیں ملاقات کی ۔نورُکنی وفد نے کلکٹر کسٹمز پشاورڈاکٹر سید جدون کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ کے وفد نے کلکٹر کسٹمز پشاور کو امپورٹرز اور ایکسپورٹرز سمیت کلیئرنگ ایجنٹس کی مشکلات سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ ڈرائی پورٹ ٗ طورخم کسٹمز سٹیشن اور ایئرپرٹ پر کلیئرنگ ایجنٹس کو بعض مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔وفد نے انہیں بتایا کہ پشاور ڈرائی پورٹ کے لئے بانڈڈ کیریئر کے علاوہ پرائیویٹ ٹرکوں کو کسٹم اسکارڈ کے زریعے ایکسپورٹ کی اجازت دی جائے تاکہ ایکسپورٹرز کو سہولیات میسر آئیں۔کیونکہ پشاور ڈرائی پورٹ پر گذشتہ آٹھ سالوں سے پاکستان ریلوے فعال نہ ہونے کی وجہ سے پشاور سے ایکسپورٹ کا عمل بذریعہ ریلوے ختم ہو کر رہ گیا ہے، ریلوے لوکو موٹو نہ ہونے کے باعث موجودہ ڈرائی پورٹ پر ایکسپورٹ کا عمل متاثر ہونے ،وی باک میں مشکلات کے باعث ون کسٹم کے زریعے امپورٹ اور ایکسپورٹ کی اجازت دینے،پشاور ڈرائی پورٹ کی حالت زار، اضاخیل میں ڈرائی پورٹ کے قیام میں تاخیر ، طورخم میں سہولیات کی عدم فراہمی،کھانے پینے کی اشیاء کی ایکسپورٹ اور امپورٹ کے عمل میں کورانٹائین سرٹیفیکیٹ کی شرط سمیت بانڈڈکیریئر اور دیگر مشکلات سے متعلق گزارشات پیش کیں۔ضیاء الحق سرحدی نے ڈاکٹر سید جدون کو بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ،ایڈیشنل کلکٹر کسٹم پشاورکی سابقہ خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ ان تما م عہدوں پر رہ چکے ہیں اور بزنس کمیونٹی کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ بطور کلکٹر کسٹم پشاورکسٹم ایجنٹس برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔کلکٹر کسٹم ڈاکٹر سید جدون نے ضیاء الحق سرحدی کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور انشاء اللہ اُن کے حل کے لئے باہمی مشاورت سے اقدامات اُٹھائیں گے۔انہوں نے ضیاء الحق سرحدی کی جانب سے پیش کر دہ سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ان سفارشات اور گزارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ضیاء الحق سرحدی نے کسٹمز ایجنٹس کے وفدسے ان کی گذارشات پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی پر کلکٹر کسٹمز پشاور کا شکریہ ادا کیا ۔ اور اپنے گروپ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا اظہار کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر