سینیٹ انتخابات ،پیپلزپارٹی سندھ سے 10امیدوار نامزد کریگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی نے سندھ سے سینیٹ کی12میں سے 10 نشستوں کے لیے امیدوارمیدان میں اتارنے کی تیاری مکمل کرلی،پیپلزپارٹی کی طرف سے آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان کردیا گیا،الیکشن کمیشن سے حاصل کردہ 161 کاغذات نامزدگی میں سے کسی بھی امیدوارکی جانب سے منگل کے روز بھی کوئی فارم جمع نہیں کرایا گیا۔پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات کے لیے سندھ سے 10 امیدواروں کے نام فائنل کرلیے ہیں اورآج بدھ کے روز پیپلزپارٹی کے تمام امیدواروزیراعلی سندھ کی قیادت میں الیکشن کمیشن سندھ جاکر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گیوزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سینیٹ کے امیدواروں کو بدھ کی صبح نو بجے وزیراعلی ہاس طلب کرلیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے اہم ذمہ داران کو بھی وزیراعلی ہاوس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ، پیپلزپارٹی کے امیدوار قافلے کی شکل میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں الیکشن کمیشن جاکر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے،پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن میں سندھ سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر بیرسٹر خالد جاوید کو سینیٹر نامزد کردیا ہے جبکہ سینیٹ کی دیگرنشستوں کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں میں میاں رضا ربانی، مولابخش چانڈیو، مرتضی وہاب، قاسم سومرو،رخسانہ زبیری، کرشنا کولہی، جاوید نایاب لغاری، ایم این اے شازیہ مری کی بہن عینی مری امام الدین شوقین، ڈاکٹرسکندرمیندھرو دیگرشامل ہیں ۔ سندھ کی دوسری جماعت ایم کیو ایم اندرونی اختلافات کے باعث تاحال اپنے امیدوارشارٹ لسٹ نہیں کرسکی ہے جبکہ مسلم لیگ نون ، فنکشنل لیگ ، تحریک انصاف کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے ہیں توقع ہے کہ ایم کیو ایم سمیت دیگراپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی امیدواراپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔سینیٹ انتخابات کے لیے سندھ کی بارہ نشستوں کے لیے منگل کو بھی 33 نامزدگی فارم حاصل کیے گئے تاہم کسی بھی سیاسی جماعت یا آزاد امیدوارکی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے۔ ایم کیو ایم کے اندرونی انتشارکے باعث پیپلزپارٹی سندھ سے 5جنرل اور5مخصوص نشستیں جیتنے کے لیے سرگرم ہے جبکہ ایم کیوایم اور دیگر اپوزیشن جماعتیں 3جنرل اور دو مخصوص نشستوں پرکامیابی کے لیے جوڑتوڑمیں مصروف ہیں ۔