اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی ترقی و خوشحالی یقینی ہے،گورنر سندھ

اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی ترقی و خوشحالی یقینی ہے،گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، قومی تقاضوں ، علمی ضروریات ، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری اور تحقیق کے لئے طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی میں صوبہ کی جامعات کلیدی اور فعال کردار ادا کررہی ہیں ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی عصر حاضر میں مقابلہ کی دوڑ میں شمولیت اور ملکی ترقی و خوشحالی یقینی ہے اس ضمن میں نجی تعلیمی ادارے فعال کردار ادا کررہے ہیں ۔ ان خیالا ت کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہاؤس میں گرینچ یونیورسٹی کی وائس چانسلر سیما مغل کی قیادت میں ملنے والے 7 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، علمی ضروریات ، قومی تقاضوں اور جدید دور سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری، نجی اداروں کے فعال کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ہے تعلیمی میدان میں ترقی سے ہی معاشی و اقتصادی میدان میں ترقی حاصل کی جا سکتی ہے ، حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے ، اقوام کی ترقی تعلیم باالخصوص اعلیٰ تعلیم ہی ہے ، تعلیم اور تحقیق سے ہم اپنی کامیابی کی منزل کی جانب سفر کرسکتے ہیں ،بلاشبہ نجی اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک و قوم کانام روشن کررہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہیں لیکن نئے طالب علموں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات اٹھانا ہو نگے۔ملاقات میں وائس چانسلر سیما مغل نے گورنر سندھ کو یونیورسٹی کی کارکردگی ، فعال کردار ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹو ں سے متعلق تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ قومی تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل رہی ہے اس ضمن میں یونیورسٹی میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی جار ہی ہے ۔انہوں نے یونیورسٹی کے اقدامات جن میں دیار دانش اور کراچی ریسرچ چیئر کے بارے میں بھی گورنر کو بریفنگ دی ۔انہوں نے گورنر سندھ کو یونیورسٹی کے دورہ کی دعوت بھی دی جسے گورنر سندھ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد یونیورسٹی کا دورہ کرینگے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...