نوازشریف آزادکشمیر کو سبزباغ دکھا کر چلے گے،سردارعتیق

نوازشریف آزادکشمیر کو سبزباغ دکھا کر چلے گے،سردارعتیق

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ نوازشریف آزادکشمیر کو سبزباغ دکھا کر چلے گے انہیں یہ یقین دلانے کی ضرورت ہے کہ وفاق اور آزادکشمیر میں بھی انہی کی جماعت کی حکومت ہے اور وہ اس حکومت سے پروٹوکول لینے کے علاوہ آزادکشمیر کے عوام کے مسائل بھی حل کرسکتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم ویلی کے ایک روزہ دورے کے دوان اعوان پٹی گڑھی دوپٹہ ،ہٹیاں بالا،سراں ودیگر مقامات پر مختلف عوامی وفود اور کارکنوں سے بات چیت کررہے تھے ،سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن گاڑی کے دو پہیے ہیں مگر حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگا رہی ہے،جس سے نظام کمزور ہورہا ہے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت ٹھوس اقدامات اٹھا سکتی ہے محض نعرے بازی سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کو لوڈشیڈنگ فری زون قرار دیا جانا چاہیے کیونکہ اس علاقے میں پن بجلی کے بڑے بڑے پراجیکٹس ہیں اور بجلی پر اس علاقے کے عوام کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے عوام بہت جرات کے ساتھ حالات کا مقابلہ کررہے ہیں متاثرین کنٹرول لائن کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ،متاثرین کے حوالہ سے کابینہ کی سب کمیٹی کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کروانا چاہیے۔حکومت آئے روز عوام پر نئے سے نئے ٹیکس لاگوکررہی ہے ان حکومتی اقدامات سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے ان ٹیکسوں کی وجہ سے کاروبار تباہ ہورہے ہیں غریب عوام غریب تر ہوجارہی ہے ،اور امیر دن بدن امیر ہوتا جارہا ہے ،بیروزگاری میں دن بدن بڑھتی جارہی ہے حکومت ان مسائل کے حل کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کر رہی ۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور اس سے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات اور مسائل کو اقوام متحدہ سمیت عالمی فورم پراُٹھانا گزیر ہے۔دریں اثناء صدر مسلم کانفرنس سابق صدر پاکستان پیپلزپارٹی صاحبزادہ اسحاق ظفرکی اہلیہ اور سابق چیئرمین معائنہ عملدرآمد کمیشن وزیرا عظم اشفاق ظفر ایڈووکیٹ کی والدہ محترمہ کی وفات پر اُن کے گھربنی حافظ جا کر فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اس کے علاوہ اعوان پٹی میں اقبال اعوان کی اہلیہ اور صیاف اعوان کی والدہ کی وفات پر اُن کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی اور اظہار ہمدردی بھی کی۔اورمدرس اشتیاق اعوان(مرحوم) کے گھر جا کراُن کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پراُ ن کے ہمراہ ،سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی،دیوان علی خان چغتائی،شمیم علی ملک،کیپٹن ریٹائرڈ افضل اعوان ،کرنل ریٹائرڈعارف عباسی،وحید مغل ،مبشر جانداد ،ودیگر ہمراہ تھے،صدر مسلم کانفرنس جب گڑھی دوپٹہ پہنچے تو کیپٹن ریٹائرڈ افضل اعوان اور دیگر کارکنوں کے ہمراہ اُن کا شاندار استقبال کیا گیا ،گڑھی دوپٹہ سے ہٹیاں تک جگہ جگہ اُن کا شاندار استقبال کیا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر