ملک اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ

ملک اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج لہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے۔ قوم کے اتحاد و یکجہتی کی سخت ضرورت ہے۔ امریکہ کے دباؤ و دھمکیوں کے باوجود حکومت پاکستان کی جانب سے اثرات قبول کرنے کی بجائے مسترد کردینا خوش آئند قدم ہے۔ امریکہ نے کبھی بھی پاکستان سے وفا نہیں کی ہے۔ ڈومور سے لیکر دھمکیاں اور بھارت کی خطے میں بالادستی کا امریکی خواب، پاکستان کی قربانیوں کو فراموش کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر نیٹو سپلائی لائن بند اور امریکہ سے تعلقات پر اپنی پالیسیوں کو از سر نو ترتیب دے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی سندھ نے سندھ کے تعلیمی نصاب میں سے سیرت النبیﷺ ، خلفائے راشدین اور قومی ہیروز کے اسباق نکال دینے والے عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بیرونی امداد و بعض این جی اوز کے اشاروں پر یہ عمل اسلام و نظریہ پاکستان کے سراسر خلاف ہے۔ یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے ایک اجلاس میں منظور ہونے والی قرار داد میں کہی گئی جوکہ قباء آڈیٹوریم میں صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کی زیر صدارت ہوا۔ قرار داد میں مزید کہا گیا کہ اگر قوم کے جذبات کا لحاظ نہ رکھا گیا تو شدید رد عمل ہوسکتا ہے۔ مطالبہ کیا گیا کہ یکساں نظام تعلیم کے ساتھ اسلام و نظریہ پاکستان کے ہم آہنگ نصاب تعلیم مرتب کیا جائے۔ نیز غیروں کے اشاروں پر سیرت النبیﷺ ، خلفائے راشدین اور قومی ہیروز کے تعلیمی نصاب سے نکالے گئے اسباق کو دوبارہ شامل کیا جائے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...