سعودیہ نے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 84 ہزار کرنے کا عندیہ دے دیا

سعودیہ نے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 84 ہزار کرنے کا عندیہ دے ...
سعودیہ نے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 84 ہزار کرنے کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد (آن لائن)سعودی وزارت حج نے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210سے بڑھا کر ایک لاکھ 84ہزار 210 کرنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے، پاکستانی وزارت مذہبی امور نے حج 2018 کے حوالے سے عملی اقدامات کاآغاز کردیا ہے،حج معلومات کے حوالے سے میٹریل کی تیاری کے لئے ٹینڈر جاری کردیئے ہیں جن میں حاجیوں کی ویکسینیشن، راہنمائے حج کتابچہ، سی ڈیز، احرام ، ٹریول بیگز، گلے میں لٹکانے والے کارڈز سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے حالیہ دورے کے دوران سعودی وزارت حج سے ان کی حج معاہدے کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں یہ بات بھی خاص طور پر قابل ذکر آئی کہ گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان کو 5ہزار کا اضافی کوٹے دینے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر اب تک عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر سعودی حکام نے وزیر مذہبی امور کو یقین دلایا ہے کہ رواں سال پاکستان کے حج کوٹے میں 5ہزار کا اضافہ کردیا جائے گا تاہم ابھی تک تحریری طورپر سعودی وزارت حج سے وزارت مذہبی امور کو کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا۔توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ کردیاجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حج کوٹے میں اضافہ کردیا گیا تو یہ پرائیویٹ ٹورر آپریٹرز میں تقسیم کیا جائے گا کیونکہ حج پالیسی میں اس حوالے سے اعلان کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی وزارت مذہبی امور نے حج 2018 کے حوالے سے عملی اقدامات کاآغاز کردیا ہے تاہم حج قرعہ اندازی میں مزید تاخیر ہوئی تو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستانی حجاج ٹرین کی سہولت اور اچھی قیام گاہوں سے محروم رہ جائیں گے۔وزارت مذہبی امورکے کے مطابق وزارت نے حج معلومات کے حوالے سے میٹریل کی تیاری کے لئے ٹینڈر جاری کردیئے ہیں جن میں حاجیوں کی ویکسینیشن، راہنمائے حج کتابچہ، سی ڈیز، احرام ، ٹریول بیگز، گلے میں لٹکانے والے کارڈز سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک نے حج انتظامات مکمل کرلئے ہیں جبکہ پاکستان میں حج آپریشن عدالتی چارہ جوئی کی بنا پر رکا ہوا ہے۔

وزارت مذہبی امور نے اعلی عدالتوں سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ حج کوٹے کے حوالے سے حکم امتناعی کیس کا فیصلہ جلد از جلد کیا جائے تاکہ حج قرعہ اندازی کی جاسکے اور بروقت حج انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے۔خطے کے دیگر ممالک جن میں بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک شامل ہیں انہوں نے حج انتظامات مکمل کرکے تفصیلات سعودی وزارت حج کو فراہم کردی ہیں اس طرح پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر ان ممالک کے حاجی اچھی رہائشوں اور ٹرین کی سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔ پاکستان نے اگر اس معاملے میں مزید تاخیر کی تو اچھی رہائشوں کا حصول اور ٹرین کی سہولت سے استفادہ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...