مولانا سمیع الحق سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض، پی ٹی آئی کی صفائیاں

مولانا سمیع الحق سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض، پی ٹی آئی کی صفائیاں
مولانا سمیع الحق سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض، پی ٹی آئی کی صفائیاں

  

پشاور (ویب ڈیسک) جمعیت علماءاسلام (س) کے قائدین تحریک انصاف کی جانب سے مولانا سمیع الحق کو سینیٹ الیکشن کے ٹکٹ کیلئے نظر انداز کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی قیادت کے پاس پہنچ گئے اور مطالبہ کیا کہ وعدہ نبھاتے ہوئے مولانا سمیع الحق کو ٹکٹ جاری کیا جائے جبکہ تحریک انصاف کے قائدین صفائیاں پیش اور معذرتیں کرتے رہے۔ تحریک انصاف کی قیادت نے سینیٹ انتخابات کے لئے ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو ٹکٹ جاری کرنے کے سلسلے میں پیش کی جانے والی دلیلوں کو رد کردیا گیا۔

اس صورتحال کے پیش نظر جے یو آئی (س) کے قائدین منگل کے روز تحریک انصاف کی قیادت کے پاس گلے شکوے لے کر پہنچ گئے او رپشاور میں سارا دن دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان مذاکراتی ادوار چلتے رہے۔ ان مذاکرات میں جے یو آئی (س) کی جانب سے مسلسل یہی مطالبہ کیا جاتا رہا کہ مولانا سمیع الحق کا نام سینیٹ امیدواروں کے طور پر ان کی جانب سے نہیں بلکہ تحریک انصاف ہی کی جانب سے سامنے لایا گیا اور یہ نام کئی دنوں تک زیر گردش رہا لیکن افسوسناک طریقے سے پی ٹی آئی قائدین نے مولانا سمیع الحق کو ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر نظر انداز کرتے ہوئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردئیے گئے۔مذکورہ نشست و برخاست کے احوال کے مطابق تحریک انصاف کے قائدین جن میں ایک اہم صوبائی وزیر بھی شامل تھے۔

اس دوران مسلسل وضاحتیں دیتے ہوئے جے یو آئی کے قائدین کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہے کہ ان کے تمام گلے شکوے عام انتخابات کے موقع پر نشستوں کی تقسیم کے دوران دور کردئیے جائیں گے تاہم جے یو آئی (س) کی جانب سے مذکورہ وضاحتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

مقامی اخبار کے مطابق اگرچہ سارادن یہ نشست جاری رہی اور بعض بااثر حکومتی شخصیات کی خواہش بھی ہے کہ مولانا سمیع الحق کو سینیٹ الیکشن کے لئے ٹکٹ جاری کیا جائے تاہم امکان نظر نہیں آرہا کہ ایسا ہو اور پی ٹی آئی قیادت نے جن امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردئیے ہیں وہی پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے تاہم یہ معاملہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے سامنے آج دوبارہ پیش کیا جاسکتا ہے تاکہ نظر ثانی کی جاسکے۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور