پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ” پاک چین بین الصنعتی ترویجی پروگرام“ تشکیل دے دیا

پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ” پاک چین بین الصنعتی ترویجی ...

ؒٓبیجنگ ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ای کامرس گیٹ وے کے اشتراک سے ” پاک چین بین الصنعتی ترویجی پروگرام“ تشکیل دیا ہے جس کا افتتاح چین کے صوبہ شینگڈو میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل مدثر ٹیپو اور ایف پی سی سی آئی کے وائس چیئرمین حاجی عرفان یوسف نے کیا۔ جبکہ اس موقع پر پاک چین جوائینٹ چیمبر کے صدر ایس ایم نوید نے خطبہءِ استقبالیہ پیش کیا۔ افتتاحی تقریب سے ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام ، پاک چین جوائنٹ چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر اقبال قریشی، پی آئی ای ایم ڈی سی کے جنرل مینیجر مارکیٹنگ اعجاز عظیم اور روزی ڈاٹ پی کے، کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس رحمان نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں کاروباری برادری کی متعدد نمایاں شخصیات شریک تھیں۔پاک چین جوائینٹ چیمبر کے صدر ایس ایم نوید نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بتا یا کہ انکے چیمبر کا تھنک ٹینک ایک عرصے سے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ایک قابل عمل میکانزم تشکیل دینے پر غور کر رہا تھا اور متذکرہ پروگرام اسی غور و خوض کا نتیجہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو قریب تر لانے کیلئے تجارتی وفود کے تبادلوں ، صنعتی نمائشوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کانفرنسوں کا ایک سلسلہ وار پروگرام تشکیل دیا گیاہے جس پر عملدرآمد سے دونوں ملکو ں کے صنتعکاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو نہ صرف پاکستان اور چین کی کاروباری منڈیوں کے رجحان کے بارے میں تحقیق اور آگاہی ملے گی بلکہ باہمی تعاون اور اشتراک سے متعلق روشن مواقع بھی میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ چہار جہتی پروگرام میں مارکیٹ لنکیجز، صنعتی پلانٹوں کی ترسیل ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور وسائل روزگار کے فروغ کے اقدامات شامل ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں ای کامرس گیٹ وے کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

ایف پی سی سی آئی کے وائس چیئرمین حاجی عرفان یوسف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاک چین جوائینٹ چیمبر اور ای کامرس گیٹ وے کے پروگرام کوسراہا اور اسے ایک انقلابی سوچ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں صنعت و تجارت کے تمام ایوان اپنے پروگرام نئے عالمی معاشی نظام کے تناظر میں تشکیل دیں اور اس سلسلے میں ہمیں اپنے سب سے بڑے تجارتی حلیف چین کو مرکزی حیثیت دینی چاہیے۔ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاک چین جوائینٹ چیمبر او ر ای کامرس گیٹ وے کا مشترکہ پروگرام چین اور پاکستان کے سرما یہ کاروں کیلئے ایک کنونشن کا کردار انجام دے گا اور وہ اس کی مدد سے مینوفیکچرنگ اور سروسز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مشترکہ منصوبے تشکیل دے سکیں گے۔ چین کے صوبہ شینگڈو میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل مدثر ٹیپو نے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ چین کی 500 سے زائد صف اول کی کمپنیاں شنگڈو صوبہ میں واقع ہیں۔ اس لئے وہاں پاکستانی صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے کاروباری اشتراک عمل کے لاتعداد مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے امید کی کہ پاک چین جوائینٹ چیمبر اور ای کامرس گیٹ وے کے باہمی تعاون سے تشکیل دیا گیا ترویجی پروگرام ان مواقع سے استفادہ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شینگڈو میں واقع پاکستان قونصل خانہ دوطرفہ تجارتی وفود، صنعتی نمائشوں اور سرمایہ کاری کانفرنسوں کے اہتمام میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔

مزید : قومی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...