عراقی کردستان کا4 ہزار غیرملکی داعشیوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ
اربیل(این این آئی)عراق کے صوبہ کردستان کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ کرد سیکیورٹی فورسز نے داعش کے خلاف جاری جنگ کے دوران تنظیم کے 4 ہزار غیرملکی جنگجوؤں کو حراست میں لیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کردستان کی صوبائی حکومت نے عالمی رابطہ کار دیندار زیباری نے اربیل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سنہ 2014سے 2017ء کے دوران کرد فوج بیشمرگہ نے داعش سے تعلق رکھنے والے 2500 جنگجوؤں کو حراست میں لیا جبکہ الحویجہ میں داعش کے خلاف آپریشن میں 1000 جنگجوؤں نے خود کو فوج کے حوالے کیا اور کرکوک سے 350 داعشی گرفتار کیے گئے جنہیں بعد ازاں ’الاسائش‘ جیل منتقل کردیا گیا۔
دیندار زیباری نے کہا کہ داعش کے گرفتار دہشت گردوں کے بارے میں اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کو تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ صوبے سے باہر ان کے اہل خانہ کو بھی بتا دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کردستان حکومت پر بعض ملکوں کی جانب سے گرفتار دہشت گردوں کی حوالگی کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے مگر اربیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ہی زیرحراست افراد کو دوسرے ملکوں کے حوالے کرسکتا ہے۔