معصوم زینب کے قاتل کو سر عام سزائے موت،اسلامی نظریاتی کونسل سے شرعی رائے مانگ لی گئی

معصوم زینب کے قاتل کو سر عام سزائے موت،اسلامی نظریاتی کونسل سے شرعی رائے ...

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی کم سن زینب کے قاتل کو سر عام سزائے موت دینے پر انتظامیہ نے شرعی رائے مانگ لی۔

تفصیلا ت کے مطابق سینیٹ میں زینب کے قاتل عمران علی کو سرعام سزائے موت دینے کے لئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے بل پیش کیا ہے، سینیٹ سیکرٹریٹ نے ملزم کو سر عام سزائے موت دینے کے مسئلے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے شرعی رائے مانگ لی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے معاملے پر غور کرنے کے لیے اجلاس کل طلب کر لیا ہے ، جس میں سرعام سزائے موت پر اسلامی احکامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ قصور میں 8 سالہ بچی زینب کو اغوا اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔ بچی کے قاتل عمران علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جسے سرعام سزائے موت دینے اور عبرت کا نشان بنانے کے مطالبات کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے بھی لاہور میں ملزم عمران علی کی گرفتاری کے حوالے سے کی گئی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ میرا بس چلے تو اس بھیڑیئے کو چوک پر لٹکا کر پھانسی دوں لیکن ہم سب قانون کے تابع ہیں۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...