آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہو گی ،عوام جھوٹے اور بد عنوان عناصر کو مسترد کر دیں گے: شہباز شریف

آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہو گی ،عوام جھوٹے ...
آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہو گی ،عوام جھوٹے اور بد عنوان عناصر کو مسترد کر دیں گے: شہباز شریف

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہآئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہو گی ،عوام جھوٹے اور بد عنوان عناصر کو مسترد کر دیں گے, آصف زرداری کی خیریت اس میں ہے کہ وہ ملک سے لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں وگرنہ ہم خود ایک ایک پائی واپس لائیں گے ،عمران خان دن رات جھوٹ بولتے ،بہتان تراشی کرتے ،یو ٹرن لیتے اور  ہمیشہ لغو زبان استعمال کرتے ہیں، پورے ملک کو بجلی دینے کا جھوٹا دعویٰ کرنے والوں نے ایک کلو واٹ بھی بجلی نہیں بنائی،عمران خان نے ساڑھے چار سال میں دھرنوں کے سوا خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کیا،ہم نے جو کام پنجاب میں کئے اگر  آئندہ موقع ملا تو چاروں صوبوں میں بھی ان ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔

نشتر ہسپتال ملتان میں جدید برن یونٹ سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ صحت کے شعبے میں انقلاب لا رہے ہیں ہر ضلع کو سٹی سکین مشین اور موبائل ہسپتال یونٹ فراہم کیا جا رہا ہے ،ملتان میں ہیلتھ کیئر کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کر دی ہیں، ادویات کی باآسانی دستیابی سے مریضوں کو سہولت ملے گی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملتان کے کڈنی سنٹر کے لیے 150ڈائیلائسز مشینیں فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ملتان کڈنی انسٹی ٹیوٹ کے لیے دنیا کے بہترین ڈاکٹرز کو لایا گیا ہے ،اب پنجاب کے ہر ضلع میں سٹی سکین لگی ہو گی ،جہاں 24گھنٹے سہولت دستیاب ہو گی ،اگر عوام نے آئندہ ووٹ دیئے  تو صرف پنجاب نہیں پاکستان کے چاروں صوبوں میں سٹی سکین لگے گی اور موبائل ہسپتال سروس کا آغاز کیا جائے گا ۔وزیر اعلٰی پنجاب  نے کہاکہ الیکشن سے پہلے اگلے ایک دو ماہ تک ملتان کے نشتر ہسپتال دوئم کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا جو دنیا کا ایک بہترین ہسپتال ہو گا، اگر عوام نے ن لیگ کی پنجاب میں آئندہ موقع دیا تو یہ ہسپتال ایک سال کے اندر اندر مکمل کرایا جائے گا ،سب جانتے ہیں 2013سے پہلے 20-20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی آج اس کا خاتمہ ہوا چاہتا ہے ،میاں نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے کئی بڑے منصوبے لگائے ہیں جو 70سالوں میں بھی نہ لگائے جا سکے، ان منصوبوں پر ریکارڈ بچت ہوئی اور بہت ہی کم وقت پر لگے، اب اندھیرے چھٹ چکے ہیں اور روشنیاں آچکی ہیں، اگر آئندہ بھی موقع ملا تو اس سے بڑھ کر کام کریں گے ، اللہ کے فضل سے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے پونے تین لاکھ بچے مستفید ہو رہے ہیں ،ایک طرف اتنے عظیم واقعات رونما ہو رہے ہیں اور دوسری طرف آصف زرداری کی زبان دیکھیے کس طرح وہ زبان درازی کر رہے ہیں ؟ملک کی دولت لوٹنے والا اب یہ کہہ رہا ہے کہ میں لوٹی ہوئی دولت واپس لاؤں گا ، ہاں زرداری صاحب آپ لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں اسی میں آپ کی خیریت ہے ،اگر نہ لائے تو ہم انشاء اللہ آپ کی ایک ایک پائی لیکر آئیں گے، خان صاحب جو دن رات جھوٹ بولتے ہیں، بہتان تراشی کرتے ہیں اور یو ٹرن لیتے ہیں ہمیشہ لغو زبان استعمال کرتے ہیں ،کے پی کے میں جا کر دیکھیے وہاں نہ کوئی بڑا ہسپتال بنا ،جب ڈینگی آیا تو پہاڑوں پر چڑھ گئے، کے پی کے پاکستان کا حصہ ہے اگر ہم پنجاب میں بنی فرانزک لیب سے کے پی کے کی خدمت کر رہے ہیں تو اس پر ہمیں فخر ہے، عمران خان نے ساڑھے چار سال میں تو ماسوائے دھرنوں کے خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کیا اور اب کہہ رہے ہیں میں پشاور میں میٹرو بناؤں گا، کھدائی کے علاوہ وہاں کچھ نظر نہیں آتا، اگر ہمیں موقع ملا تو ہم صرف پشاور کی میٹرو ہی مکمل نہیں کروائیں گے ،کراچی میں بھی میٹرو چلائیں گے، اگر اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کے چاروں صوبوں میں اسی طرح اورنج لائن والی میٹرو لیکر آئیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے اور حتٰی المقدور شفافیت کو اپنا سب سے بڑا ضامن بنائیں گے کیونکہ شفافیت کے بغیر کوئی خدمت نہیں ہوتی، آج میرا دل بہت خوش ہے، آج ملتان میں لوگ علاج کروا رہے ہیں اور اعلٰی کوالٹی کی بہترین ادویات مفت مل رہی ہیں ،ہم نے جو کام پنجاب میں کیے ہیں آئندہ موقع ملا تو باقی صوبوں میں بھی کریں گے، ہم پوری دنیا کے پاکستان کو ایک اعلٰی اور طاقتور ملک بنا کر دیں گے ،عمران خان کہتے تھے کہ میں پانچ سال میں نہ صرف کے پی کے بلکہ پورے پاکستان کو بجلی مہیا کروں گا مگر ان پانچ سالوں میں انہوں نے ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی اور دن رات جھوٹ بولتے رہے ہیں، جھوٹ کی سیاست کو اب ختم کرنا ہو گا ، اب میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ آصف زرداری اور اسکی کابینہ نے ملک کی جو دولت لوٹی ہے ان کو اب ووٹ دو گے ؟عمران خان جو جھوٹوں کا آئی جی ہے اس کو ووٹ دو گے ؟جس نے دن رات آپ کے لیے محنت کی ہے اگر آپ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے واقعی محنت کی ہے تو پھر 2018کے الیکشن میں ان کو کامیاب کرائیں اور پھر آپ دیکھیں گے کہ اگلے پانچ سالوں میں مسلم لیگ ن کی حکومت اس ملک میں ایک انقلاب لیکر آئے گی ۔وزیر اعلٰی نے ملتان میں چلڈرن ہسپتال، کڈنی انسٹی ٹیوٹ اور برن یونٹ اور پاکستان کی سب سے شاندار ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا۔

مزید : قومی