سپیشل جج نے 13سال سے چالان پیش نہ کرنے پر محکمہ اینٹی کرپشن کے 7اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی تنخواہیں تاحکم ثانی بند کرد یں
لاہور(نامہ نگار)سپیشل جج اینٹی کرپشن محمد قاسم نے 13سال سے چالان اور استغاثے پیش نہ کرنے پر اینٹی کرپشن کے 7اسسٹنٹ ڈائریکٹرز انویسٹی گیشن کی تنخواہیں تاحکم ثانی بند کرد یں۔عدالت نے ڈائریکٹر لاہور ریجن سے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی تنخواہ سلپ طلب کرلی۔
سپیشل جج اینٹی کرپشن محمد قاسم کی عدالت میں 2004سے 2017ءتک کے ایسے کیس چل رہے ہیں جن کے چالان اور استغاثے عدالت میں پیش نہیں کئے گئے،چالانوں کی تعداد 60بتائی جاتی ہے۔عدالت نے وکلا کی مختلف درخواستوں پر اینٹی کرپشن کو حکم دیا کہ چالان فوری طور پر عدالت میں پیش کئے جائیں۔عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، اس پر عدالت نے بار ہاحکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر اینٹی کرپشن کے محمد اعظم ،ریس احمد خان، عمرمقبول اورخالد حسین سمیت 7اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی تنخواہ بند کردی۔عدالت نے پیروی آفیسر کو حکم دیا کہ وہ لاہور ریجن کے ڈائریکٹرزسے تفتیشی افسران کی تنخواہ سلپ لے کر 10مارچ کو عدالت میں پیش کریں۔ عدالت نے اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر کوچالان پیش کرانے کا حکم بھی جاری کیاہے۔