صوبہ بھر کیلئے زکواۃ فنڈ کے اجراء کی منظوری دے دی گئی

  صوبہ بھر کیلئے زکواۃ فنڈ کے اجراء کی منظوری دے دی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا زکواۃ وعشر کونسل نے صوبہ بھر کے لئے زکواۃ فنڈ کے اجراء کی منظوری دے دی۔ تمام اضلاع کو آبادی کے لحاظ سے فنڈز فراہم ہونگے۔ یہ منظوری زکواۃ و عشر کونسل نے جمعرات کے روز پشاور میں ہونے والے اپنے 52 ویں اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر بننے والی صوبائی اصلاحاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اصلاحات کے بعد دی۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ زکواۃ، عشر و سماجی بہبود محمد ادریس، ایڈیشنل سیکرٹری زکواۃ فیاض خان، ڈپٹی سیکرٹری شبیر احمد اور کونسل ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزارہ الاونس کی مد میں فنڈز کا حجم 60 فیصد سے بڑھا کر 68 فیصد کردیا گیا، کونسل نے احساس کفالت پروگرام کے طرز پر صوبے میں گزارہ الاونس کی مد میں فی کس سالانہ ادائیگی 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار کردی گئی۔ جس سے صوبہ بھر میں 27 ہزار 767 مستحق خاندانوں کو سالانہ 24 ہزار روپے ادا کئے جائینگے۔ کونسل نے تعلیم کی مد میں انٹرمیڈیٹ کے طلباء وطالبات کے لئے سالانہ مالی معاونت 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار روپے، اور بی ایس پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے مالی معاونت 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار روپے کردئے۔ اسی طرح دینی مدارس کے طلباء وطالبات کے لئے بھی سالانہ مالی معاونت دور حدیث سے کم 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار اور دور حدیث سے اوپر درجوں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کے لئے 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار کردئے گئے۔ اجلاس میں جہیز کی مد میں مالی معاونت کی رقم بھی 20 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کرنے کی منطوری دے دی گئی اجلاس میں ہنگو اورشمالی وزیرستان کے لئے چیرمینوں کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفئیر محمد ادریس کا کہنا تھا کہ زکواۃ فنڈ میں نئے ضم شدہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ زکواۃ فنڈ سے علاج معالجے کی سہولت حاصل کرنے والے افراد کا ڈیٹا آن لائن فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر عمل درامد تیز کریں، تاکہ نظام میں شفافیت کو فروغ دیا جاسکے اور مستحقین کو ان کا حق ملے۔ انہوں نے محکمہ زکواۃ کو مستحقین کے لئے رمضان پیکج فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ چیرمین انجنیئر محمد فاروق کا کہنا تھا کہ گزارہ الاونس میں مالی معاونت کی رقم بڑھانے سے مستحقین کو اپنے بنیادی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں زکواۃ فنڈ سے علاج معالجے کا نظام مزید بہتربنانے کی ہدایت کی۔