کرونا وائرس: انسانی حفاظت کی اشیا کی درآمد پر پابندی

      کرونا وائرس: انسانی حفاظت کی اشیا کی درآمد پر پابندی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلا کے خدشے کے پیشِ نظر انسانی حفاظت کی اشیا کی پاکستان میں درآمد پر پابندی لگا دی گئی۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ماسک، حفاظتی عینک اور تلف پذیر دستانے، جوتے اور ٹوپیاں بیرون ملک بھیجنے پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ ایکسپورٹرز سانس لینے کے آلات اور ہاتھ صاف کرنے والے سینی ٹائرز بھی نہیں بھیج سکیں گے۔ڈریپ کے مطابق کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلا پر حفاظتی اشیا کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ خلاف ورزی پر درآمد کنندگان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ڈریپ نے مراسلہ تمام صوبوں کے ڈائریکٹرز کو بھی بھجوا دیا ہے۔واضح رہے کہ چین میں مزید 68 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 490 ہوگئی۔ وائرس اب تک 27 ممالک میں پھیل چکا ہے۔عالمی ادارہ صحت نے ووہان شہر سے کرونا کا پھیلا روکنے کے لیے چین کی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق چین نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے اچھا طریقہ اختیار کیا۔


کلاکوٹ پولیس کی کارروائی، 2 خواتین منشیات فروش پکڑی گئیں
کراچی (کرائم رپورٹر) کلاکوٹ پولیس کے ہاتھوں گینگ وار کی 2 خواتین منشیات فروش پکڑی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین منشیات فروش نسیمہ اور عمیرا کو گرفتار کرکے قبضے سے منشیات برآمد کرلیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین عادی منشیات فروش اور حب چوکی بلوچستان سے منشیات کی کھیپ جس میں ہیروئن، کرسٹل اور تریاک لاکر لیاری میں فروخت کرتی ہیں۔ خواتین ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے معلوم ہوتا ہے جبکہ خواتین ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں جس میں مزید منشیات فروش خواتین کے ناموں کا بھی انکشاف کیا گیا ہے تاہم ملزمان خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


کراچی میں رانگ وے کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم ختم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں رانگ وے کے خلاف ٹریفک پولیس کی مہم ختم ہوگئی، ہزاروں افراد کا چالان کیا گیا، جبکہ اب خلاف ورزی پر ایف آئی آر کا سلسلہ ختم ہوگیاہے۔کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سختی ہوئی، گرفتاریاں بھی کی گئیں،بڑے پیمانے پر شہریوں کی ایف آئی آر درج کرنے پر مخالفت کا سامنا رہا، انتظامیہ اور پولیس پر تنقید ہوئی۔عوام کا کسی بھی صورت قابو میں آنے سے انکار، موٹرسائیکلیں ہوں یا کار اور بسیں، رانگ وے چلنا سب نے اپنا حق سمجھ لیا، عوام کا کہنا تھا کہ صرف کراچی والوں کوہی مجرم بنایا جارہاہے۔دوسری جانب اس مہم کے خلاف سندھ حکومت کا کہنا تھاکہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ٹریفک قوانین کی پابندی ضروری ہے لیکن مقدمات درج کرنے سے پولیس کو روک دیاگیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق بڑی تعداد میں اس عمل سے بہتری آئی ہے لیکن اب بھی بیشتر شہری خلاف ورزی کررہے ہیں۔شہریوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کرنا درست ہے لیکن ایف آئی آر کا فیصلہ غلط تھا، اس مہم میں سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کرکے لاک اپ کیا گیا جن کی عدلیہ سے ضمانت ہوئی۔نوجوانوں نے کہا کہ پولیس کے نظام میں بھی بہتری کی ضرورت ہے۔


نوجوان بے روزگاری ومہنگائی سے مایوس ہیں،محمد حسین محنتی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی تبدیی کے دعوے کھوکھلے اور نوجوان بے روزگاری ومہنگائی سے اپنے مستقبل سے مایوس ہیں۔ بے راہ روی، چرس و منشیات نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر دیا ہے۔ نوجوان نسل کی زندگی سے کھیل کر پیسہ کو اپنا نصب العین بنانے والے اپنی آخرت کی فکر کریں، نشہ انسان کے لیے بہت خراب چیز ہے اس لیے تو اس کو حرام قرار دیا گیا ہے۔ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے ایکشن کمیٹی کا قیام خوش آئند قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو کراچی میں منشیات و جرائم کے خلاف قائم مختلف برادریوں پر مشتمل ایکشن کمیٹی کے عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر کاٹھیا واڑ، انصاری، قریشی، میمن اور شاہ برادری کے نمائندے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب سے صدر ایکشن کمیٹی محمد علی سموں، حنیف جونیجو، محمد جاوید و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ قرآن و سنت کے نفاذ اور اس پر عمل کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ اپنے بچوں اور خاندان کو دین و دنیا کی تعلیم واچھے اخلاق سے آراستہ اور اصلاح معاشرے کے ذریعے ہی برائیوں کا خاتمہ اور نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ یہاں پرموجود تمام برادریوں نے قیام پاکستان کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ اصلاح معاشرہ اور تبدیلی کا آغاز اپنی ذات اور گھر سے کریں گے تو پورا معاشرہ گل و گلزار ہوجائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے والے بے حس لوگوں کے خلاف کاروائی کر کے اپنا فرض پورا کرے۔ منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔


پشاور،گزشتہ ماہ 6819 افراد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کا چالان
پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے پر ماہ جنوری میں 6819 افراد کو چالان کر کے جرمانوں کی مد میں 6 لاکھ 81 ہزار 9 سو روپے وصول کئے۔ قائمقام ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ایس پی کینٹ ٹریفک اسلم نواز اور ایس پی سٹی ٹریفک سجاد احمد صاحبزادہ کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس نے ماہ جنوری میں ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف خصوصی کارروائیاں کیں ان کارروائیوں کے دوران ضلع بھر میں سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے پر 6 ہزار 819 افراد کو چالان کیا جبکہ جرمانوں کی مد میں ان سے 6 لاکھ 81 ہزار 9 سو روپے وصول کر کے قومی خزانے میں یہ رقم جمع کردی۔ قائمقام ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ماہ جنوری میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس افسران کو کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی سے بلا کسی وجہ جرمانے وصول کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنانے کے لئے ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

کراچی، شادی میں ہوائی
فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے قائد آباد میں شادی کی ایک تقریب میں شدید ہوائی فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ 2 روز قبل کا ہے تاہم سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی جمعرات کی علی الصبح کی۔پولیس ذرائع کے مطابق چار روز قبل قائد آباد کے علاقے گرین سٹی میں شادی کی تقریب میں شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جس کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک شخص دونوں ہاتھوں سے پستول اٹھائے انتہائی مہارت سے شدید ہوائی فائرنگ کر رہا ہے۔کہا جاتا ہے کہ فائرنگ کرنے والا نوجوان قائد آباد میں ایک ہوٹل کا مالک ہے جس کے بعض سیاسی رہنماوں سے انتہائی قریبی مراسم بتائے جاتے ہیں۔ایس ایس پی ملیر سید علی رضا کے مطابق ہوائی فائرنگ میں ملوث ایک نوجوان کو جمعرات کی صبح ساڑھے تین بجے گرفتار کر لیا ہے۔اس سلسلے میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔


کراچی پریمیئر فٹبال کپ
میں مزید پانچ میچز کا فیصلہ ہوگا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فٹبال کلب کراچی کے زیرِ اہتمام اور اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کراچی پریمیئر فٹبال کپ بلوچ مجاہد فٹبال اسٹیڈیم ابراہیم حیدری میں جاری و ساری ہے جس میں کورنگی بلوچ نے سرحد اسپورٹس کو 2-1 سے شکست دی، برما محمڈن نے گل بلوچ کو 2-0 سے شکست دی، اسی طرح دلبوڈ محمڈن نے پھول پتی اسٹار کو 1-0 سے شکست سے دوچار کیا، برما آفریدی نے شرفی محمڈن کو 4-0 سے ہرایا جبکہ جام11- نے الشہباز کو پیلنٹی کے ذریعے 4-3 سے شکست سے دوچار کیا۔


کراچی،سندھ گورنمنٹ اسپتال میں دوروزہ ہیلتھ ایکسپو کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ گورنمنٹ ہسپتال کورنگی نمبر5کے زیر اہتمام دو روزہ ہیلتھ ایکسپو2020 گیٹس فارما کے اشتراک سے منعقد کی گئی ہیلتھ ایکسپو میں غریب مریضوں کو میڈیکل ریلیف فراہم کیا گیاجبکہ دو دن میں تقریباً3700مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور گیٹس فارما کی جانب سے ادویات فراہم کی گئی جبکہ شوگر،ہیپا ٹائٹس B.C،بلڈ پریشر،HB A1C،کولیسٹرول کی اسکریننگ کی گئی جبکہ شوگر کے مریضوں کا پیروں کی نسوں کا معائنہ اور آنکھوں کے امراض ENT،ڈینٹل اور جنرل فیزیشنز نے اپنی خدمات انجام دی جبکہ کرونا وائرس،ذیابطیس،ہائی بلڈ پریشر،ٹی بی کے امراض کے حوالے سے شعور آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا جس سے کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاج و معالجہ عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت سندھ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کر رہی ہے انہوں نے شوگر،بلڈ پریشر بالخصوص کرونا وائرس سے متعلق آگاہی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامات کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی منعقد کئے جائیں تاکہ عوام ان موذی امراض کے علاج او ربچاؤ سے آگاہی حاصل کر سکے کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ میں 2016میں کورنگی ہسپتال آیا تھا مگر اس وقت ہسپتال کی حالت خراب تھی مگر آج ہسپتال میں بہتری اور مثبت تبدیلی خوش آئند امر ہے جس پر MSاورہسپتال کی ٹیم کو ویلڈن کہتا ہوں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گے اس موقع پر اسپیشل سیکریٹری فیاض عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا صحت مند معاشرے کی تشکیل میں صفائی اور تندرسی صحت کلیدی حیثیت رکھتی ہے اگر ہم سب اپنے حصے کا کام دل جمی سے کریں تو یقینا عوام کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے اس موقع پر آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی کورنگی شہریار گل میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں علاج غریب کی دسترس سے باہر ہوتا جا رہا ہے ہیلتھ ایکسپو2020جیسے مواقع ریلیف فراہم کرنے میں معاون و مدد گار ثابت ہوئے DCکورنگی نے مزید کہا کہ ایک طرف مریضوں کو میڈیکل ریلیف ملا تو دوسری طرف ہسپتال کی بہتری اور عوام الناس کو کرونا وائرس سے آگاہی حاصل ہوئی DCکورنگی نے مزید کہا کہ عوام کی بہتر زندگی کیلئے ہماری خدمات حاضر ہے اور ہم یہ عزم رکھتے ہیں کہ آئندہ بھی جب ہماری ضرورت پڑی تو ہم اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوام کی بھلائی اور بہتری کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بر وئے کار لائیں گے انہوں نے MSہسپتال اور ڈاکٹرز کی ٹیم اور ہیلتھ ایکسپو کے روح روں ڈاکٹر بی ایم راٹھور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ موجودہ بہترین کارکردگی کو مزید موثر انداز میں کیا جائے گا


حکومت عوامی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی،اسداللہ بھٹو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے لیکر مہنگائی تک حکومت عوامی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ حکومت غربت کی بجائے غریب ختم کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جو کہ حکومتی دعووں کی نفی ہے، جب وزیر اعظم اور ارکان پارلیمنٹ کی بھاری بھرکم تنخواہوں میں گذارانہیں ہوتا تو پھر ایک غریب آدمی کاکیسے چولہا جل سکتا ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی حقوق کی بات کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جیکب آباد کے صدر غلام حیدر پیرزادہ کے والد کی وفات پر تعزیت کے بعد بات چیت کے دوران کیا۔ جماعت اسلامی کے ضلعی و مقامی عہدیداران صادق علی ملغانی، ہدایت اللہ رند اور خاندان کے دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے باوجود سندھ بھر کے شہروں و دیہات میں بدترین بجلی کی لوڈ شیڈنگ تشویش ناک اورعوام کے ساتھ ظلم ہے۔ این ایف سی ایوارڈ سمیت سندھ کے حقوق کیلئے ہم سندھ حکومت کے ساتھ ہیں۔ حکومت عوامی مینڈیٹ کے مطابق گڈ گورننس قائم کرے اور سندھ کے عوام کو صاف پانی، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔

سیو پاکستان فاونڈیشن کے تحت انٹراسکول تقریری مقابلوں کاانعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیو پاکستان فاونڈیشن اور محکمہ تعلیم سندھ کے اشتراک سے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے سیمینار اور آل کراچی انٹراسکول تقریری مقابلوں کا انعقاد بیگم حاجرہ محمود علی گونمنٹ بوائز اینڈ گرلز سیکنڈری اسکول میں کیاگیا۔ جس میں ایس ایس پی کیپٹن (ر)غلام اظفرمہیسر،ڈپٹی کمشنرایف بی آر مشکورعلی،چیئرمین سیو پاکستان فاؤنڈیشن حاجی مریدناظم چوہان سمیت سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی کیپٹن (ر)غلام اظفرمہیسر،ڈپٹی کمشنرایف بی آر مشکورعلی،چیئرمین سیو پاکستان فاؤنڈیشن حاجی مریدناظم چوہان نے کہاکہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بھارتی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ گرا ئے جارہے ہیں مگرعالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ ہندوستان یہ جان لے کہ کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا، آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پاکستانی قوم بلا تفریق، رنگ، نسل، زبان، مذہب و مسلک مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔تقریب میں طلباء نے ٹیبلو، اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔ اس موقع پر تقریری مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کونقد انعام اور اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔


کراچی:تحریک نفاذ اردو کی اسد جعفر ی میں اعزاز میں تقریب
کراچی (پ ر)تحریک نفاذ اردو و صوبائی زبان کی 171ویں شام اردو اسلام آباد سے تشریف لائے معروف و ممتاز مزاح گو، شاعر اسد جعفری کے اعزاز میں ترتیب دی گئی۔ اس موقع پر ان کے تازہ شعری مجموعے "نسخہ ہائے مزاح" کی رسم اجراء بھی ادا کی گئی۔ تقریب کی صدارت معروف ماہر تعلیم اور سینیئر شاعر فیروز ناطق خسرو نے فرمائی۔ جبکہ اظہار خیال کرنے والوں میں معروف دانشورہ ڈاکٹر عالیہ امام، دنیائے ادب کے مدیرڈاکٹر اوج کمال، معروف شاعر اجمل سراج، سینیئر پروڈیوسر امجد حسین شاہ ، پبلشر علی زبیر، اقبال سہوانی اور تحریک نفاذ اردو کے صدر نسیم شاہ ایڈوکیٹ شامل تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض قندیل جعفری اور آئرین فرحت نے بحسن وخوبی ادا کیئے۔ افتتاحی خطاب میں صدر تحریک نسیم شاہ ایڈوکیٹ نے زبان وا دب کے حوالے سے اسد جعفری کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ اور ان کے تازہ شعری مجموعے کی اشاعت اور اجراء پر مبارکباد پیش کی۔ نسیم شاہ نے اپنے خطاب میں اردو کو فوری طور پر قومی اور سرکاری زبان کی حیثیت سیعملا" نافذ کرے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر اوج کمال نے کہا کہ اسد جعفری مزاح کے ہی نہیں، اعلی پائے کے سنجیدہ شاعر بھی ہیں۔ ڈاکٹرعالیہ امام، ڈاکٹر اوج کمال، اجمل سراج، پبلشرعلی زبیر اور دیگرمقررین نے بھی اسد جعفری کی پْر مزاح شاعری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ تقریب کے صدر فیروز ناطق خسرو نے کہا کہ اسد جعفری طنز کی آمیزش کے ساتھ اپنی بات مزاح کے پیرائے میں نظم و نثرمیں کہنے کے فن سے بخوبی آشنا ہیں۔ قبل ازیں صاحب اعزاز اسد جعفری نے نثر اور شاعری ہر دو صنف میں اپنی شگفتہ بیائی کے جوہر دکھاتے ہوئے تقریب میں مسکراہٹوں کا سماں باندھ دیا۔ اردو زبان وا دب، صحافت و ثقافت سے وابستہ معروف و معتبر شخصیات نے تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اور لذت کام و دہن سے محظوظ ہوئے


ڈائریکٹر جنرل نیشنل
لاجسٹک سیل کاا سٹیل مل کادورہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل لاجسٹک سیل(این ایل سی) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد عاصم اقبال نے گزشتہ روز پاکستا ن سٹیل مل کا دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل این ایل سی نے پورٹ قاسم پر واقع سٹیل مل کی جیٹی کا بھی معائنہ کیا اور جیٹی کے آپریشنز سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹریٹجک اہمیت کے حامل قومی اداروں کو لاجسٹک سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے این ایل سی کی جانب سے ممکنہ طور پر سٹیل مل کی جیٹی کے استعمال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا،تاہم اس ضمن میں مزید تفصیلات معلوم نہ ہوسکیں۔واضح رہے کہ این ایل سی پاک فوج کے تحت کام کرتی ہے اور انتہائی مختصر مدت کے نوٹس پر لاجسٹک سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔