کراچی:تحریک نفاذ اردو کی اسد جعفر ی میں اعزاز میں تقریب

کراچی:تحریک نفاذ اردو کی اسد جعفر ی میں اعزاز میں تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (پ ر)تحریک نفاذ اردو و صوبائی زبان کی 171ویں شام اردو اسلام آباد سے تشریف لائے معروف و ممتاز مزاح گو، شاعر اسد جعفری کے اعزاز میں ترتیب دی گئی۔ اس موقع پر ان کے تازہ شعری مجموعے "نسخہ ہائے مزاح" کی رسم اجراء بھی ادا کی گئی۔ تقریب کی صدارت معروف ماہر تعلیم اور سینیئر شاعر فیروز ناطق خسرو نے فرمائی۔ جبکہ اظہار خیال کرنے والوں میں معروف دانشورہ ڈاکٹر عالیہ امام، دنیائے ادب کے مدیرڈاکٹر اوج کمال، معروف شاعر اجمل سراج، سینیئر پروڈیوسر امجد حسین شاہ ، پبلشر علی زبیر، اقبال سہوانی اور تحریک نفاذ اردو کے صدر نسیم شاہ ایڈوکیٹ شامل تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض قندیل جعفری اور آئرین فرحت نے بحسن وخوبی ادا کیئے۔ افتتاحی خطاب میں صدر تحریک نسیم شاہ ایڈوکیٹ نے زبان وا دب کے حوالے سے اسد جعفری کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ اور ان کے تازہ شعری مجموعے کی اشاعت اور اجراء پر مبارکباد پیش کی۔ نسیم شاہ نے اپنے خطاب میں اردو کو فوری طور پر قومی اور سرکاری زبان کی حیثیت سیعملا" نافذ کرے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر اوج کمال نے کہا کہ اسد جعفری مزاح کے ہی نہیں، اعلی پائے کے سنجیدہ شاعر بھی ہیں۔ ڈاکٹرعالیہ امام، ڈاکٹر اوج کمال، اجمل سراج، پبلشرعلی زبیر اور دیگرمقررین نے بھی اسد جعفری کی پْر مزاح شاعری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ تقریب کے صدر فیروز ناطق خسرو نے کہا کہ اسد جعفری طنز کی آمیزش کے ساتھ اپنی بات مزاح کے پیرائے میں نظم و نثرمیں کہنے کے فن سے بخوبی آشنا ہیں۔ قبل ازیں صاحب اعزاز اسد جعفری نے نثر اور شاعری ہر دو صنف میں اپنی شگفتہ بیائی کے جوہر دکھاتے ہوئے تقریب میں مسکراہٹوں کا سماں باندھ دیا۔ اردو زبان وا دب، صحافت و ثقافت سے وابستہ معروف و معتبر شخصیات نے تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اور لذت کام و دہن سے محظوظ ہوئے