سپورٹس راؤنڈ اپ

سپورٹس راؤنڈ اپ

  

 واپڈا   نیشنل سینئر بیڈمنٹن چیمپئن 

 واپڈا نے 58 ویں نیشنل سینئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹس کے ٹائٹل جیت لئے۔ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری واجد علی چوہدری اور صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری امجد خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔، مردوں کے فائنل میں واپڈا نے این بی پی کو تین ایک جبکہ خواتین فائنل میں آرمی کو تین صفر سے ہرایا۔مرد فائنل کے پہلے سنگل میں واپڈا کے راجہ ذوالقرنین حیدر نے این بی پی کے مراد علی کو 21-18، 21-16 سے، ڈبلز میں این بی پی کے کاشف سلہری اور راجہ حسنین نے واپڈا کے حافظ عرفان اور عظیم سرور کو 21-14، 21-14 سے، دوسرے سنگل میں واپڈا کے اویس زاہد نے این بی پی کے انجم بشیر کو 21-17، 21-11 سے جبکہ دوسرے ڈبلز میں اویس زاہد اورایم علی لاروش نے مراد علی اور انجم بشیر کو 21-14، 15-21 اور 21-18 سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔خواتین فائنل میں واپڈا نے ا?رمی کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے سنگل میں ماہور شہزاد نے ثمیہ طارق کو ڈبلز میں ماہوراور غزالہ نے ردا حنیف اور عمامہ عثمان کو 21-5، 21-12 سے، دوسرے سنگل میں سہرا اکرم نے مہوش خان کو 21-9 اور 21-12 سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔

آسٹریلین اوپن میں کامیابی قدم چومے گی، میرووین

 روس سے تعلق رکھنے والی مایہ ناز ٹینس سٹار ماریہ میرووین نے کہا کہ ٹینس بچپن کا شوق ہے اور میری ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرکے شائقین کے دل جیت سکوں پرستاروں کی بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ بہت زیادہ حوصلہ افزائی کی اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کی بے پناہ محبت کی بدولت ہی میں نے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ جسے برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی آسٹریلین اوپن میں عمدہ کھیل کے لئے محنت کررہی ہوں شائقین نے ہمیشہ میری بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔

مانچسٹر یونائٹیڈ کے ہاتھوں ساؤتھمپٹن کو شکست

فٹبال انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے ساؤتھمپٹن کو نو صفر سے پچھاڑ دیا، سینٹس کو دوسری بار بری شکست کا کڑوا گھونٹ بھرنا پڑا۔انگلش میدانوں پر فٹبال کے تگڑے مقابلے، مانچسٹر یونائیٹڈ اور ساؤتھمپٹن آمنے سامنے ہوئے تو دوسرے ہی منٹ ریڈ کارڈ سے میچ کا جارحانہ آغاز ہوا، اٹھارہویں منٹ مانچسٹر یونائیٹڈ نے پہلا گول کیا، پھر گویا لائن لگ گئی، اون گول سمیت پہلے ہاف میں چار صفر کی برتری حاصل کر لی۔بپھرے کھلاڑی دوسرے ہاف میں بھی چھائے رہے، اضافی منٹ تک پانچ مزید گول کر دیئے۔ گول گول اور گول کی گونج میں فاتح ٹیم پھر فتوحات کے ٹریک پر چل پڑی، حریف سینٹس کو سیزن میں دوسری بار نو صفر کی بری شکست ہوئی۔دوسرے میچ میں ایک صفر کے خسارے کا شکار شیفیلڈ نے ویسٹ بروم کو دو ایک کی شکست سے دوچار کر دیا، وولفز اور کرسٹل پیلس نے دو ایک، دو ایک سے فتح اپنے نام کی۔

سعودی پریمیئر لیگ کا سنوکر ٹورنامنٹ 

سعودی عرب کے شہر ریاض میں سعودی پریمیئر لیگ نے سنوکر ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا اس ٹورنامنٹ میں پورے سعودی عرب سے سنوکر پلئیر نے حصہ لیا یہ ٹورنامنٹ چار ہفتے تک جاری رہا ٹورنامنٹ کا فائنل محمد آصف اور عدنان راشد کے درمیان کھیلا گیا سات فریم کے مقابلے میں پہلا فریم عدنان راشد نے جیتا باقی فریم میں کم بیک کرتے ہوئے محمد آصف نے اپنی اعلی گیم کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار فریم جیت کر ٹورنامنٹ کا فائنل اپنے نام کر لیا۔اس ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لئے ریاض شہر کی مشہور شخصیات نے شرکت کی اور سعودی پریمیئر لیگ کے بانی رانا عرفان کو ایک بہترین سنوکر ٹورنامنٹ کرانے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 سال کا پہلا  ورلڈ ریکارڈ راشد نسیم  کے نام

راشد نسیم نے گنیز ورلڈ ریکارڈ مقابلے میں ایک مرتبہ پھر بھارتی کھلاڑی کوشکست دے دی۔پاکستانی نوجوان کا عالمی ریکارڈز بنانے کا سفر جاری ہے، کورونا کے باوجود راشد نسیم ریکارڈ پر ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ راشد نسیم نے گنیز ورلڈ ریکارڈ مقابلے میں ایک مرتبہ پھر بھارتی کھلاڑی کو شکست دے دی،راشد نسیم کا سال20 21 کا پہلا اورانفرادی طور پر64 واں ریکارڈ منظور کرلیا گیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ای میل کے زریعے تصدیق کر دی۔ راشد نے گزشتہ سال 20 ریکارڈز بنائے تھے۔دوسری جانب راشد نسیم کی اکیڈمی اب تک 78 ریکارڈز قائم کر چکی ہے، اس مرتبہ راشد نسیم نے 3 منٹ میں 10 کلو وزن کے ساتھ 159 ماشل آرٹس ککس مارکرعالمی ریکارڈ بنا کر بھارتی کھلاڑی کو شکست دی، نرائن نے138 ککس ٹارگٹ پر ہٹ کر کے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

مزید :

ایڈیشن 1 -