لانگ نہیں ترقی مارچ کی ضرورت ہے کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں:پرویز الہی

لانگ نہیں ترقی مارچ کی ضرورت ہے کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں:پرویز ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت ضلع گجرات کا اعلیٰ سطحی تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی اور حسین الٰہی سمیت میاں عمران مسعود، خالد اصغر گھرال، سید مدد علی شاہ، سعادت نواز اجنالہ، شجاعت نواز اجنالہ، عبدالسعید کندوانہ، امجد پرویز بٹ، اشرف ریحانیہ، عاطف عظمت کے علاوہ بڑی تعداد میں ضلعی رہنما اور کارکن شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملکی معاملات میں بہتری کیلئے وزیراعظم عمران خان سرگرم ہیں، چیزیں آہستہ آہستہ بہتری کی طرف جاتی نظر آ رہی ہیں، عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے ہرپلیٹ فارم پر آواز بلندکی ہے جس کا انہیں کریڈٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بطور اتحادی بہتری کیلئے حکومت کو جو ضروری سمجھتے ہیں مشورہ دیتے ہیں، تمام کارکن محنت اور لگن کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، اب لانگ مارچ کی بجائے ترقی مارچ کی ضرورت ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ایسے کام ہوئے جن کا کبھی پاکستان بننے کے بعد آئیڈیا بھی نہیں آیا، سیرت اکیڈمی کو شہبازشریف کے دور میں تالے لگادیئے گئے ہم نے اس کو پھر سے آباد کیا، بھیک مانگنے والے بچوں کی بحالی اور تعلیم کیلئے ہم نے ادارے بنائے، امن و امان کی بہتری کیلئے پٹرولنگ پوسٹوں کی بحالی کا کہا۔ سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوامی سطح پر ڈیلیور کرنے میں یقین رکھتی ہے، ہماری پارٹی کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے اور اس وعدے کو ہم نے اپنے دور حکومت میں پورا کر کے دکھایا ہے۔ رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے کہا کہ سیاسی قوتوں کو عوامی ایشوز پر فوکس کرنا چاہئے۔

پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ آخر -