ہسپتالوں میں ہڑتالیں،آؤٹ ڈور،ایمرجنسی کی بندش شہباز شریف کے تحفے:پروفیسر ڈاکٹر ایم امجد

ہسپتالوں میں ہڑتالیں،آؤٹ ڈور،ایمرجنسی کی بندش شہباز شریف کے تحفے:پروفیسر ...

  

 لاہور(جاوید اقبال،تصاویر،ندیم احمد) گزشتہ چار ماہ کے دوران سروسز ہسپتال کو کسی بھی قسم کی سیاست،آئے روز کے جھگڑوں اور بحرانی کیفیت سے دوچار ہونیوالی صورتحال سے نکا لا ہے،پاکستان میں میڈیکل کی بربادی کا آغاز 1997-98میں شہباز شریف کے دور میں ہو گیا تھا جس کے بعد سے لیکر اب تک ادارہ صحت زبوں حالی کا شکار ہے۔موجودہ حکو مت کی جانب سے صحت کی پالیسیاں اچھی اور معیاری ہیں اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار روزنامہ پاکستان سے انٹر ویو میں پرنسپل سروسز ہسپتال پرو فیسر ڈاکٹر محمد امجد نے کیا،انکامزید کہنا تھا پاکستان میں صحت کی بربادی کاآغاز شہباز شریف کے دور میں اس وقت ہوا جب انہوں نے ایک پرائیوٹ ہسپتال کی بنیاد ڈال کر سرکا ر ی اداروں میں کام کرنیوالے ڈاکٹرز کو مہنگے اور اچھے پیسے دیکر منتقل کر دیا جس کے بعد سے لیکر اب تک سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار جوں کی توں ہے۔ شہباز شریف کے اس اقدا م سے سینئرز کی ہتک ہوئی جبکہ جونیئرز کو سینئرز کے برابر لا کھڑا کیا۔ادارہ چاہے کوئی بھی ہو اگر وہاں سینئر ز کی عزت نہیں ہو گی تو پھر ادارے تباہ و برباد ہو جائیں گے۔ شہباز شریف کی جلا وطنی کے بعد واپسی پر ان سے بہت سی امیدیں تھیں جو پوری نا ہو سکیں اور شعبہ صحت بری طرح متاثر ہوتا رہا کیونکہ انہوں نے بھی اس شعبہ میں بزنس شروع کر دیا جس سے یہ شعبہ پروان نا چڑھ سکا۔پروفیسر امجد نے کہا سروسز ہسپتال اور سمز میں صفائی کا نظام بہتر کر دیا ہے خود ملازمین کیساتھ مل کر صفائی کرواتا ہوں،ا س کے علاوہ پورے ہسپتال میں اچا نک مریضوں کے حالات جاننے کیلئے وزٹ کو یقینی بنایا گیا ہے اور آپریشن تھیٹرز میں نوے فیصد ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہاہے،ایمر جنسی چوبیس گھنٹے فری، امیر و غریب کا فرق بھی مٹا دیا گیا ہے،وی آئی پی صرف غریب مریض ہیں۔ میں پھر کہتا ہوں وزیر صحت یاسمین راشد،سیکرٹری نبیل اعوان اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق میڈ یکل کے شعبہ میں جو تباہی سابقہ حکومت کے دور میں آئی اس کو ٹھیک کرنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔یاسمین راشد کی مثبت کوششوں کے باعث اور غریب دوست  ویژ ن کے باعث آج محکمہ صحت بدل رہا ہے۔ماضی میں سابق حکمرانوں نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں مرضی کے جونیئر ترین،ایم ایس،پرینسپل،وی سی لگا کر نا صرف مسائل برھائے بلکہ ہسپتالوں میں یونین بازی شروع کروائی جس سے ہسپتالوں کے اندر سیاست شروع ہو گئی جو سب کچھ نگل گئی،ہسپتالوں میں ہڑتالیں،آؤٹ ڈور و ایمرجنسی کو بند کروانا سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دیئے تحفے ہیں۔ وزیر صحت یاسمین راشد کی حکمت عملی سے یہ کلچرل بدل رہا ہے۔ہسپتالوں کو سیاست سے پاک، مریض دوست بنایا جا رہا ہے۔سمز کے اندر ملک کی بہترین فکلیٹی موجود ہے،یہی وجہ ہے صوبے میں سمز میرٹ میں پہلے،دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔اپنی مدد آپ کے تحت ایمرجنسی میں جان بچانیوالی ادویات کی کمی دور کی جا رہی ہے وہ دن دور نہیں جب سروسز ہسپتال کا شمار صوبے کے بہترین مراکز صحت میں ہو گا۔ 

 پرو فیسر ڈاکٹر امجد

مزید :

صفحہ آخر -