راجن پور کیلئے 15ارب کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان،پراجیختس 2برس میں مکمل کئے جائینگے:عثمان بزدار

راجن پور کیلئے 15ارب کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان،پراجیختس 2برس میں مکمل کئے ...

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع راجن پور کا طوفانی دورہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راجن پور کے کے لئے اربوں روپے کے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کینال ریسٹ ہاؤس میں اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیداران ومعززین علاقہ سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجن پور شہر کی ترقی او رعوام کی خوشحالی کے لئے 15ارب روپے کے پیکیج کااعلان کیا-وزیراعلیٰ نے راجن پو رمیں پناہ گاہ اور لنگر خانے کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ راجن پو رکے دور افتادہ مقام ماڑی بھی گئے او رماڑی کو سیاحتی مقام قراردینے کا اعلان کیا-وزیراعلیٰ راجن پور میں رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ گئے اور معززین علاقہ سے ملاقات کی - وزیراعلی نے کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری میں مقامی لوگوں او رپارٹی ورکرز سے ملاقات کی-وزیراعلیٰ نے کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار میں راجن پور میں اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداران ومعززین علاقہ سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کے پاس ضلع راجن پور کیلئے بڑا ڈویلپمنٹ پیکیج لے کر حاضر ہوا ہوں، جس کے تحت مختلف سیکٹرز کے درجنوں بڑے منصوبے 15 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔ یہ تمام تر پراجیکٹس انشاء اللہ آئندہ 2 برس میں مکمل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ضلع راجن پو رکے عوام کیلئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال نعمت کے مترادف ہے اور اس پراجیکٹ کو 8 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جبکہ آج یہاں 7 مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس کی لاگت تقریباً ایک ارب روپے سے زائد ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راجن پور کے نوجوانوں کیلئے یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا،اس یونیورسٹی کو 100کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔راجن پور ڈویلپمنٹ پیکیج میں گرلز ڈگری کالج روجھان، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ٹراما سینٹر، فاضل پور اور کوٹ مٹھن میں ریسکیو 1122 سینٹر، داجل اور فاضل پور کے رورل ہیلتھ سینٹرز کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ راجن پور میں سیوریج سسٹم کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا- شہر کے مرکزی بازاروں میں ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔ جام پور سے کشمور تک 2 رویہ سڑک کی تعمیر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی،اس منصوبے کا رواں برس اپریل میں آغاز کر دیا جائے گا۔ اس کی کل لاگت 14 ارب روپے ہے۔ ضلع راجن پو رمیں روڈ سیکٹر کیلئے خطیر رقم مختص کی ہے اور اس کیلئے مختلف اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور توسیع کی جائے گی۔انڈس ہائی وے ڈیرہ گجر سے بستی ایوب تا امین چوک 25 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر وتوسیع پر 25کروڑ روپے لاگت آئے گی- 35کروڑ روپے کی لاگت سے 20کلو میٹر طویل محمد پور سے داجل روڈ کی تعمیرو مرمت کی جائے گی-کھمبی سے ماڑی پور 30کلومیٹر سڑک کی تعمیر پر25 کروڑروپے صرف ہوں گے-راجن پور سے حاجی پور 28 کلو میٹر سڑک کی تعمیر پر 30 کروڑروپے لاگت آئے گی-11کروڑ روپے کی لاگت سے 9کلو میٹر فاضل پور سے سکھانی والا روڈ کی تعمیر ہو گی- روجھان سٹی کی9 کلومیٹر طویل سڑک 20 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی-داجل سے ہرند 23 کلومیٹر سڑک کی تعمیر ومرمت پر 54 کروڑ 30 لاکھ روپے لاگت آئے گی- 20کلو میٹر سکھانی والا سے براستہ ہرے والا کوٹلہ شیر محمد روڈ کی تعمیر ومرمت پر 28 کروڑ روپے لاگت آئے گی- انہوں نے کہاکہ راجن پور شہر کو خوبصورت بنانا میرا عزم ہے اور اس کی خوبصورتی کیلئے ایک خطیر رقم سے ایک سکیم شروع کی جا رہی ہے۔راجن پو رمیں ہسپتال اور یونیورسٹی کے علاوہ 10 بنیادی مراکز صحت اور 20 سکول بھی بنائے جائیں گے۔ ٹرائبل ایریا میں واقع ماڑی کو سیاحت کا مرکز بنایا جائے گا۔ اس کیلئے 500 ملین روپے کا خصوصی پیکیج دیا جا رہا ہے۔علاقے میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے مختلف محکموں میں تقریباً 600 سرکاری نوکریاں دی جا چکی ہیں - اب اتنی ہی مزید نوکریاں بھی دیں گے۔-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل کمپلیکس روجھان کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،یہ کمپلیکس تقریباً 8کروڑ روپے سے مکمل ہوگا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جنرل بس سٹینڈ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،یہ منصوبہ تقریباً ایک کروڑ 60لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے راجن پور کے اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیداران اورمعززین علاقہ نے ملاقات کی- وزیراعلیٰ سے راجن پور کے وکلاء برادری، کسان اتحاد کے نمائندوں اور صحافیوں کے وفود نے بھی ملاقاتیں کی او راپنے مسائل سے آگاہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفود کو مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی-اراکین قومی اسمبلی سردار نصر اللہ دریشک، سردار ریاض محمود مزاری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری، ایم پی ایز سردار اویس دریشک، سردار احمد علی دریشک، سردار علی رضا دریشک، سردار فاروق امان اللہ دریشک اور دیگر شخصیات اس موقع پر موجودتھیں -وزیر اعلی کا راجن پو رمیں پناہ گاہ اورلنگر خانے کا دورہ،وزیراعلیٰ اورپناہ گاہ میں مقیم ایک شخص نے ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھایا۔

مزید :

صفحہ اول -