ڈپٹی کمشنر کا دورہ لاری اڈہ،صفائی کے ناقص انتظامات پر برہم،ایڈ منسٹریٹر کی سرزنش

ڈپٹی کمشنر کا دورہ لاری اڈہ،صفائی کے ناقص انتظامات پر برہم،ایڈ منسٹریٹر کی ...

  

  لاہور (جنرل رپورٹر) ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے لاری اڈہ بادامی باغ کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور نے لاری اڈہ میں سیوریج، صفائی ستھرائی اور کھڑے پانی کے خاتمے کا جائزہ لیا۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے لاری اڈہ پر صفائی ستھرائی، سیوریج اور کھڑے پانی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ کی سرزنش کی اور پوچھا کہ کتنا سالانہ بجٹ آتا ہے اور کام کیوں نہیں ہوتا۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے بادامی باغ لاری اڈہ کے مسائل کے حل کے لئے فوری ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصان احمد، سیکرٹری آر ٹی اے لاری اڈہ اور ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ شامل ہیں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کمیٹی ممبران کو تمام مسائل کو چیک کرنے کی فوری ہدایات جاری کیں۔ ڈی سی لاہور نے لاری اڈہ میں درپیش مسائل کی ایک جامع رپورٹ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تین دن کے اندر اندر تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور واسا سیوریج سے متعلق تمام تر معاملات کو مانیٹر کرے اور کھڑے پانی کو فوری ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو چیک کرے اور لاری اڈہ بادامی باغ میں اضافی ملازمین ڈی سلٹنگ کے لئے لگائے جائیں تاکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے ٹھیکے اور کولیکشن کے مسائل کی رپورٹس بھی تین دن کے اندر اندر طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن ثابت ہوئی تو کیس اینٹی کرپشن کو بھیجا جائے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ صفائی ستھرائی کے ایشو پرکسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -