کشمیریوں کی قربانیاں ثمر آورثابت ہو گی،سلطان حسن بٹ

  کشمیریوں کی قربانیاں ثمر آورثابت ہو گی،سلطان حسن بٹ

  

لاہور(پ ر)  انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سلطان حسن بٹ نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے کشمیر کی آزادی کابگل بجادیا۔ان کی قربانیاں ثمرآورہوں گی اور پاکستان کی چھتری تلے دونوں کشمیر متحد ہوں گے۔ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرناکشمیریوں کا استحقاق  ہے۔ مودی سرکار "بلٹ "سے کشمیرمیں " بیلٹ" کاراستہ نہیں روک سکتی۔تکمیل پاکستان کی طویل جدوجہد میں کامیابی وکامرانی کشمیریوں کامقدربنے گی۔کشمیری  سات دہائیوں سے راہ حق میں جام شہادت نوش کررہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کے سوا دوسرا کوئی حل قابل قبول نہیں۔

پاکستان،برطانیہ اوریورپ سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر تجدیدعہد کے ساتھ منایا گیا۔نمازجمعتہ المبارک کے اجتماعات میں کشمیریوں اورفلسطینیوں کی آزادی کیلئے خصوصی اجتماعی دعائیں کی گئیں۔ اوورسیزپاکستانیوں نے تجدیدعہدکرتے ہوئے کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔وہ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ سلطان حسن بٹ نے مزید کہا کہ آسمان بھی کشمیریوں کی شہادتوں کاشاہد ہے،عالمی ضمیر کوبیدارکرنے کیلئے کشمیر یوں کوکیاکرناہوگا۔کشمیریوں کی نسل کشی پر عالمی ضمیر کی مجرمانہ خاموشی انسانیت کی اجتماعی خودکشی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نہتے ہوتے ہوئے بھی پاکستان کی بقاء کیلئے سردھڑ کی بازی لگارہے ہیں جبکہ پاکستان میں حکمران اتحاد اورمتحدہ اپوزیشن والے آپس میں الجھے ہوئے ہیں۔کشمیریوں کی وکالت کے دوران پاکستان داخلی خلفشار کامتحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران اورسیاستدان اپنی اپنی توپوں کارخ مودی سرکار کی طرف موڑدیں۔ دوٹوک انداز سے کشمیر کاز کواجاگر کرناہوگا۔  

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -