صفائی آپریشن کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے:میاں اسلم اقبال 

صفائی آپریشن کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے:میاں اسلم اقبال 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی مہم کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے حکمت عملی طے کی گئی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی دارالحکومت میں جاری صفائی اپریشن کومربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے گا-تمام اسسٹنٹ کمشنرز صفائی مہم کی موثر مانیٹرنگ کے لئے ایل ڈبلیوایم سی کے افسران کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لاہور کے تمام علاقوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے کا عمل جاری رکھا جائے،انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی مہم پر نظر رکھیں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ تعمیراتی ملبہ بھی سڑکوں پر بکھرا نظر نہیں آنا چاہیئے کیونکہ تعمیراتی ملبے کے سڑکوں پر بکھرا ہونے سے آمدورفت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں -ہمیں اجتماعی کاوشوں سے پاکستان کے دل لاہور کو خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنانا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ زیرو ویسٹ کے ہدف کے حصول میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو تعریفی اسناد اور انعامات دیئے جائیں گے-صوبائی وزیر نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے کچرا اٹھانے کا میکانزم بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے کی حاضری بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ہوگی-چیئرمین ایل ڈبلیوایم سی امجد علی نون، سی ای او عمران علی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹو سی ایم انوارکھرل، سیکرٹری ایپلیمینٹیش ٹو سی ایم، جی ایم آپریشنز ایل ڈبلیوایم سی اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی-

مزید :

کامرس -