قمار بازی میں مصروف ملزمان گرفتار، نان کسٹم پیڈ کپڑا سمگل کرنے کی کوشش ناکام

قمار بازی میں مصروف ملزمان گرفتار، نان کسٹم پیڈ کپڑا سمگل کرنے کی کوشش ناکام

  

پشاور (کرائمز رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ پشتخرہ کی حدود لنڈے کندے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران قمار بازی میں مصروف پانچ افراد کو گرفتار کر لیا. گرفتار ہونے والے قماربازوں کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم ہزار وں روپے، آلات قماربازی اور 2 عدد بوتل شراب بھی برآمد کر لی گئی ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اے ایس پی حیات آباد ناصر محمود کو خفیہ اطلاع ملی کہ تھانہ پشتخرہ کی حدود لنڈے کندے میں چند افراد قماربازی میں مصروف ہیں جس پر ایس ایچ او تھانہ حفیظ الرحمان نے چوکی انچارچ سفید ڈھیری صدام خان اور پولیس ٹیم کے ہمراہ چھاپہ زنی کرکے قمار بازی میں مصروف پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں مکرم ولد اکرم، بختیار ولد بہادر، عدنان ولد عارف، بلال ولد جانس اور منصور ولد ساجد شامل ہیں جن کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم ہزاروں روپے، آلات قماربازی اور دو عدد بوتل شراب برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اسی طرح اے ایس پی حیات آباد ناصر محمود کو ایک اور اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کچھ افراد ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے درآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیاء سمگل کرنے کی کوشش کریں گے جس پر ایس ایچ او تھانہ حیات آباد محمد علی نے جمرود ناکہ بندی پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیرملکی کپڑا برآمد کیا۔ برآمد کیا جانے والا کپڑا غیر قانونی طریقے سے سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے جسے ٹیکس کی ادائیگی اور مزید قانونی چارہ جوئی کی خاطر کسٹم انسپکٹر ناصر خان کے حوالے کر کے کسٹم ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -