کرونا سے مزید ایک مریض جاں بحق، ملتان،خانیوال،لیاقت پوری میں طبی عملے کی ویکسی نیشن شروع

کرونا سے مزید ایک مریض جاں بحق، ملتان،خانیوال،لیاقت پوری میں طبی عملے کی ...

  

 ملتان‘ خانیوال‘ لیاقت پور (سپیشل رپورٹر‘ نامہ نگار‘ نمائندہ پاکستان) پنجاب بھر کے سرکاری  ہسپتالوں کی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی واحد بڑی علاج گاہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال میں بھی طبی عملے کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز گزشتہ روز کر دیا گیا(بقیہ نمبر39صفحہ 6پر)

 حکومت کی جانب سے نشتر ہسپتال کو 3905 کورونا ویکسین کی ڈوز فراہم کی گئی تھی جس کے بعد گذشتہ روز صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک  وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود اور ایم ایس ڈاکٹر شاہد بخاری نے نشتر ہسپتال ایمرجنسی کے نیورو ٹراما یونٹ میں ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا اس موقع پر آن لائن مروجہ طریقہ کار کے مطابق نام آنے پر ڈاکٹر علی رضا، ڈاکٹر سعید، سٹاف شمائلہ اور سینیٹری انسپکٹر مسٹر الطاف کو ویکسین لگائی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے کہا کہ ڈاکٹرز,نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی خدمات قابل ستائش ہیں اور ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔اسی پس منظر میں ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں کورونا وائرس ویکسین لگانے کے لیے سینٹر قائم کردیا گیا ہے اور نشتر ہسپتال میں تین ہزار نو سو پانچ ڈاکٹرز نرسرز اور طبی عملے کو ویکسین لگائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں طبی عملے کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر پہلے ویکسین لگوائی اور میں ان کا بے حد مشکور ہوں۔اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ سب سے پہلے مرحلے میں طبی عملے کو ویکسین لگائی جارہی ہے، تاکہ کورونا وائرس کا علاج کرنے والے محفوظ ہوکر متاثرین کا علاج کرسکیں۔ معزز مہمان گرامی نے نشتر انتظامیہ کی اس حوالے سے تیاریوں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خوب سراہا۔بعد ازاں صوبائی وزیر توانائی پنجاب  اختر ملک نے زیر تعمیر کینسر ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور اس ضمن میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود کی کاوشوں کی تعریف کی اور  اپنی طرف سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی بھرپور کوشش سے ضلع خانیوال میں کورونا ویکسین لگانے کا کام شروع ہو گیا۔صوبائی وزیرزراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں  کورونا ویکسین لگانے کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی،اراکین صوبائی اسمبلی فیصل اکرم خان نیازی،ملکہ شاہدہ احمد حیات،ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی جنوبی پنجاب سید مصدق حسین شاہ، ضلعی صدر پی ٹی آئی مہر عمران پرویز دھول،چیئرمین فرٹیلائزر اینڈ ایگریکلچر پنجاب مسعود اختر اعوان ایڈوکیٹ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ ممتاز سمیت دیگر محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی کی موجودگی میں فرنٹ لائن ورکر محمد اشرف ڈسپنسر کو کرونا ویکسین لگائی گئی صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان سے کورونا وائرس کے جڑ سے خاتمہ کے لیے انتہائی سنجیدہ ہے تاکہ عالمی سطح تک پھیلنے والی وباء سے عوام کو جلد نجات دلائی جا سکے انہوں نے ویکسین لگوانے والے ڈاکٹرز اور عملہ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری اور قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت کورونا وائرس ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کیفرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی انہوں نے کہا کہ جان لیوا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومتی پالیسی اور ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹی ایچ کیوز ہسپتالوں کے فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین دی جائے گی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ ممتاز نے بتایا کہ ضلع خانیوال کے لیے کورونا ویکسین کی 580 ڈوزز موصول ہوئی ہیں جنہیں انتہائی نگہداشت سے استعمال میں لایا جائے گا اور فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین لگانے کے بعد ان کی صحت کی بھرپور دیکھ بھال کی جائے گی۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیاقت پورمیں فرنٹ لان ہیلتھ ورکرز کو کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے آج پہلے دن میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشاد ندیم کی نگرانی میں ڈاکٹر محمد فہد، ڈاکٹر زوہیب اسلم، حکیم جاوید اقبال اور سٹاف نرس مہناز اختر کو کرونا ویکسین لگای گی اس موقع پر اسفند یار خان ایڈمن آفیسر،ہیڈ نرس عذرا پروین نور، نذیر احمد رحمانی ویکسینیٹر، اشفاق احمد شاہ ہیڈ کلرک اور ریس محمد یوسف کمپیوٹر آپریٹر موجود تھے۔

ویکسی نیشن

مزید :

ملتان صفحہ آخر -