اسلام آباد، کورونا وائرس نے ایک اور مسیحا کی جان لے لی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)کورونا وائرس سے ملک میں اموات کاسلسلہ نہ تھم سکا،عالمی وبا نے اسلام آباد میں ایک اور مسیحا کی جان لے لی۔
نجی ٹی وی 92 کے مطابق پمز ہسپتال کے سابق چیف فارما سسٹ کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے،ڈاکٹر جاوید اقبال کئی روز سے کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 53 اموات اور ایک ہزار 346 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار 967 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 54 ہزار 474 ہو گئی ہے۔ملک میں کورونا سے 5 لاکھ 10 ہزار 242 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں اور زیر علاج مریضوں کی تعداد 32 ہزار 265 ہے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 4 ہزار 880 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 87، خیبر پختونخوا ایک ہزار 952، اسلام آباد میں 478، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 196 اور آزاد کشمیر میں 272 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 41 ہزار 934، خیبر پختونخوا میں 68 ہزار 338، سندھ میں 2 لاکھ 50 ہزار 648، پنجاب میں ایک لاکھ 60 ہزار 580، بلوچستان میں 18 ہزار 859، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 199 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 916 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔