ممتاز عالم دین مفتی ثناء اللہ مدنی کی نماز جنازہ ادا ، علماء مشائخ سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

ممتاز عالم دین مفتی ثناء اللہ مدنی کی نماز جنازہ ادا ، علماء مشائخ سمیت ...
ممتاز عالم دین مفتی ثناء اللہ مدنی کی نماز جنازہ ادا ، علماء مشائخ سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک کےممتازاورجیدعالمِ دین،جامعہ رحمانیہ ماڈل ٹاؤن لاہور کےشیخ الحدیث مفتی حافظ ثنا ء اللہ مدنی کی  نماز جنازہ ادا کردی گئی ،نماز جنازہ میں مولانا عبدالعزیز علوی،شیخ الحدیث حافظ مسعود عالم،مولانا عبدالرشید مجاہد آبادی،مولانا ارشاد الحق اثری،ڈاکٹر حماد لکھوی، ڈاکٹر تنویر قاسم سمیت علماء و مشائخ اور ہزاروں افراد نے شرکت کی،ان کی تدفین قصور کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق  شیخ الحدیث مفتی حافظ ثنا ء اللہ مدنی 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے،ان کی نماز جنازہ مولانا عبدالرحمان مدنی نے پڑھائی،اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔حافظ ثنا ء اللہ مدنی فروری 1940ء کو ضلع لاہور کے ایک گاؤں کلن میں پیدا ہوئے،ابتدائی تعلیم سرہالی کلاں ضلع قصورمیں حاصل کرنے کے بعد جامع مسجد قدس چوک دالگراں میں اپنے وقت کے ممتاز محدث اورمفتی مولانا حافظ عبداللہ روپڑیؒ سے تعلیم حاصل کی اور اُن کے شاگردوں میں نمایاں مقام حاصل کیا ،بعد ازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ تشریف لے گئے اور الشریعہ میں اعلی ڈگری حاصل کی۔

مفتی حافظ ثنا ء اللہ مدنی کے اساتذہ میں  الشیخ ابن بازؒ،علامہ ناصر الدین البانیؒ، الشیخ محمد امین شقیطیؒ ، الشیخ شبیہ الحمد ، الشیخ عبدالمحسن العباد، الشیخ حماد انصاری،  مولانا حافظ محمد گوندلویؒ ، مولانا محمدعبدہ الفلاح ، مولانا عبدالغفار حسن شامل ہیں۔تعلیم سے فراغت کے بعد وہ جامعہ سلفیہ فیصل آباد اور جامعہ رحمانیہ میں درس و تدریس سے منسلک رہے۔آپ کے تلامذہ کی تعداد ہزاروں میں ہےجن میں ڈاکٹر حافظ عبدالرشید اظہر ،حافظ مسعود عالم ،مولانا حافظ محمد شریف ، مولانا محمد یونس بٹ ، پروفیسر یٰسین ظفر ، مولانا عبدالعلیم یزدانی ، مولانا محمد شفیق مدنی ، مولاناقاری عبد الحلیم بلال، ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق زاہد ، قاری محمد ابراہیم میر محمدی ، ڈاکٹر حافظ حسن مدنی ، قاری صہیب احمدمیرمحمدی ، مولانا محمد اجمل بھٹی سمیت دیگر شامل ہیں ۔

شیخ الحدیث مفتی حافظ ثنا ء اللہ مدنی کئی سال تک سعودی عرب ، کویت اور متحدہ عرب امارات میں تدریس سے منسلک رہے اور سینکڑوں عرب شیوخ بھی آپ کے شاگردوں میں شامل ہیں ۔ مفتی حافظ ثنا ء اللہ مدنی کے فتاویٰ جات کی کتاب نے عالمگیر شہرت حاصل کی جبکہ جامع الترمذی کی شرح جائزہ الاحوذی اور الو صائل فی شرح شمائل  نامی کتابوں سے بھی کروڑوں مسلمان استفادہ حاصل کر رہے ہیں جبکہ وہ دیگر کئی کتابوں کے بھی مصنف تھے ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -