بٹوارا۔۔۔(مختصر افسانہ)

تحریر :نیلما ناھید درانی
نواب صاحب نے آنکھیں بند کیں۔۔۔تو جائیداد کے بٹوارے کا مسئلہ شروع ہوا۔۔۔ان کے وارث پانچ بیٹے تھے۔۔۔چار بیٹے بڑی بیگم سے تھے۔۔۔اور پانچواں چھوٹی بیگم سے۔۔۔دونوں بیگمات نواب صاحب کی زندگی میں وفات پا چکی تھیں۔
چاروں بڑے بھائی کسی طور اپنے سوتیلے بھائی کو جائیداد میں حصہ نہیں دینا چاہتے تھے۔۔۔اس کے لیے وہ مختلف طریقے سوچتے۔۔۔انہی دنوں ملک کا بٹوارا ہوگیا۔۔۔۔
ہر طرف قتل و غارت کا بازار گرم تھا۔۔۔دو قومی نظریہ کے نتیجے میں۔۔ملک تقسیم ہوگیا تھا۔۔۔ہندو سکھ۔۔۔ مسلمانوں
اور مسلمان۔۔۔ ہندو سکھوں کو قتل کر رہے تھے۔۔۔ایک دوسرے کے گھروں کو آگ لگا رہے تھے۔
چاروں بھائیوں نے مل کر سوتیلے بھائی کو ٹھکانے لگانے کا پروگرام بنایا۔
دوسرے روز وہ اس بھائی کی لاش پر کھڑے ہو کر بین کر رہے تھے۔۔۔جو گھر کے دروازے پر پڑی تھی۔۔۔
کسی نے اس کے پیٹ میں چھرا گھونپ دیا تھا۔۔۔۔
اور وہ سب مل کر غیر مسلموں کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا رہے تھے۔