سینیٹ اجلاس، خراب معاشی صورتحال پر سینیٹر محسن عزیز کی تحریک التواء مسترد

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینیٹ اجلاس میں خراب معاشی صورتحال پر سینیٹر محسن عزیز کی تحریک التواء مسترد ہو گئی ،تحریک انصاف کے حق میں19 اور مخالفت میں 25 ارکان نے ووٹ دیا،تحریک التواء مسترد ہونے پر اپوزیشن ایوان سے ایک بار پھر واک آﺅٹ کر گئی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس میں خراب معاشی صورتحال پر سینیٹر محسن عزیز کی جانب سے تحریک التواءپیش کی گئی، محسن عزیز نے کہاکہ ملک میں ایک دن پیٹرول کی قیمت میں 35 روپے اضافہ کبھی نہیں ہوا، ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی اس قدر بے توقیری کبھی نہیں ہوئی۔
سینیٹر محسن عزیز نے کہاکہ امیر لوگ اپنے کتوں کے لیے باہر سے کھانا منگوا رہے ہیں،لوگ بھوکے مر رہے ہیں، فرانسیسی طرز کا انقلاب دستک دے رہا ہے ، سینیٹر محسن عزیز نے چیئرمین سینیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو بھی غیر جانبدار ہونا ہو گا،صادق سنجرانی نے سینیٹر محسن عزیز سے سوال کرتے ہوئے کہاکہ کیا مطلب ؟ کیا میں غیر جانبدار نہیں؟
صادق سنجرانی نے سینیٹرمحسن عزیز کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ میں مکمل غیر جانبدار ہوں،تحریک التوا ءایوان میں پیش کرتا ہوں، ایوان کی مرضی منظور کرے یا مسترد کرے،معاملے پر 26تاریخ پر پہلے ہی بات ہو چکی ہے۔
وزیر مملکت شہادت اعوان نے کہاکہ سینیٹر محسن عزیز موضوع پر توجہ دلاؤنوٹس بھی دے چکے ہیں،قواعد کہتے ہیں کہ جس معاملے پر بات ہو چکی ہو اس پر4ماہ تک بات نہیں ہو سکتی ،میں تحریک التواء کی قواعد کے مطابق مخالفت کرتا ہوں ،قائد حزب اختلاف وسیم شہزادنے کہاکہ اگر مہنگائی میں روز اضافہ ہوتاہے کو تو کیا ایوان میں بات نہیں ہو گی؟
چیئرمین نے تحریک التوا ءپیش کرنے پر ایوان میں رائے شماری کرا دی،تحریک انصاف کے حق میں19 اور مخالفت میں 25 ارکان نے ووٹ دیا، چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ تحریک التواء مسترد کی جاتی ہے ۔
تحریک التوا ءمسترد ہونے پر اپوزیشن ایوان سے ایک بار پھر واک آﺅٹ کر گئی ،سینیٹر سلیم مانڈوی والا اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لے آئے ۔