نگران وزیراعلیٰ نے لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کردیا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)نگران وزیراعلیٰ محسن رضا نقوی نے لاہورسمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کردیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی ڈیلی چالان سے مشروط نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور میں سالانہ 3لاکھ70ہزار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا اضافہ ہوتا ہے،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اجلاس میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب کے5 بڑے شہروں میں ٹریفک لائسنس کے اجرا آسان بنا دیا گیا،لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں لائسنسنگ سینٹرز دو شفٹ میں کام کریں گے،لائسنسنگ سینٹرز ہفتے اوراتوار کو بھی اوپن رہیں گے۔
گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل روڈز قراردیتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ ماڈل روڈز پر ٹریفک کی روانی کیلئے موثر مینجمنٹ سسٹم لاگو کیا جائے گا،وزیراعلیٰ نے ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کیلئے روڈ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراکیلئے آؤٹ ریچ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا،پروگرام کے تحت کالجوں میں ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جا کر طلبہ کے لائسنس بنائیں گی، محسن نقوی نے کہاکہ طلبہ کا ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی متعلقہ کالج میں ہی لیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ نے ٹریفک وارڈنزکی ترقی سے متعلقہ امور کو جلد از جلدنمٹانے کی ہدایت کردی،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں پر گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔