ترکیہ میں آنے والا زلزلہ اتنا زیادہ تباہ کن کیوں تھا؟ ماہرین نے جواب دے دیا

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 5ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ زلزلہ 7.8شدت کا تھاجسے ماہرین کے مطابق آفٹرشاکس نے اس قدر تباہ کن بنا دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق زلزلے کے بعد سینکڑوں آفٹرشاکس آئے، جن میں سے ایک اتنا ہی طاقتور تھا جتنا کہ زلزلے کا پہلا جھٹکا۔ماہرین کے مطابق زلزلے کے زیادہ تباہ کن ہونے کی دوسری بڑی وجہ یہ تھی کہ یہ زلزلہ فالٹ لائن پرلگ بھگ 100کلومیٹر کے علاقے میں آیا، جس کی وجہ سے عمارتوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔
یونیورسٹی کالج لندن کے انسٹیٹیوٹ آف رسک اینڈ ڈیزاسٹر ری ڈکشن سے وابستہ پروفیسر جواینا فور واکر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10سال میں صرف دو زلزلے اتنے تباہ کن آئے ہیں۔تاہم یہ صرف زلزلے کی شدت نہیں تھی جس نے اتنی تباہی مچائی، دراصل یہ صبح سویرے کا وقت تھا اور لوگ ابھی اپنے گھروں میں تھے۔ یہی وجہ ہے کہ عمارتیں گرنے سے جانی نقصان بہت زیادہ ہوا ہے۔