مریض بھی مہنگائی کے طوفان کی زد میں، حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 367 فیصدتک اضافے کی تیاری کرلی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ صحت نے ادویات کی قیمتوں میں 367 فیصد تک اضافے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی ہے ، محکمہ صحت کی جانب سے 119ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے ۔
ڈان نیوز کے مطابق دوا ساز کمپنیوں نے اگلے ہفتے سے ادویات کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دواساز کمپنیوں کے حکام کاکہنا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے خام مال کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث موجودہ قیمتوں پر ادویات بیچنا ممکن نہیں رہا ۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کاکہنا ہے کہ انہیں کسی کمپنی کی جانب سے پیدوار روکنے کا نوٹیفکیشن نہیں ملااور نا ہی کسی کمپنی نے زبانی طور آگاہ کیا ہے۔ تاہم محکمہ صحت کی جانب سے 119ادویات کی قیمتوں میں 367 فیصد تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے جس کاحتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی ۔