کرکٹ میچز شروع ہونے والے ہیں، ٹریفک پولیس حکام کہاں ہیں،لاہور ہائیکورٹ نے سی ٹی او کو طلب کرلیا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سموگ تدارک کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے کہاکہ کرکٹ میچز شروع ہونے والے ہیں، ٹریفک پولیس حکام کہاں ہیں، لوگوں کو مصیبت پڑی ہے ٹریفک پولیس کیا کررہی ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر سی ٹی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
دوران سماعت لاہور ہائیکورٹ نے کہاکہ لوگوں کو پتہ ہونا چاہئے کہ ٹیموں کی آمدورفت کس وقت ہے،سڑکوں پر ٹریفک کے متبادل روٹس کے بورڈ لگے ہونے چاہئیں،دو تین ماہ پہلے پتہ ہے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ ہے یہ دفتر سے باہر نہیں نکلتے،وکیل واسا نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ کے باہر ٹریفک کا براحال ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی،زیرزمین پانی کی سطح کم ہونے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،عدالت نے کہاکہ پانی کو محفوظ کرنے کیلئے باقاعدہ رولز بنانے کی ضرورت ہے،جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ گھروں میں گاڑیاں دھونے کا کام ختم کرا لیں تو پانی بچایا جا سکتا ہے،عدالت نے کہاکہ باقاعدہ مہم چلانی چاہئے کہ گھروں میں گاڑیاں دھونا سختی سے منع ہے،شہر میں بینرز، پوسٹرز لگائیں کہ گھروں میں گاڑیاں دھونا منع ہے،گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 10ہزار روپے جرمانہ کریں۔
جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ ڈولفن پولیس کی ذمہ داری لگائیں کہ مکمل مانیٹرنگ کرے،پانی کا مسئلہ صرف لاہور نہیں پورے پنجاب کا ہے،جانتا ہوں حکومت پنجاب کو فوکس کررہی ہے جو کہ اچھی بات ہے، میں نے واٹر اتھارٹی بنانے کی تجویز دی تھی اس کا کیا بنا؟وکیل نے جواب دیا کہ اس حوالے سے میٹنگ بلائی ہے،عدالت نے کہا کہ واٹر اتھارٹی کے حوالے سے چیف سیکرٹری سے دوبارہ میٹنگ کرکے سمری تیاری کریں،جس پیٹرول پمپ پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں ہے اسے سیل کردیں،جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ پہلی وارننگ دے کر ایک لاکھ جرمانہ کریں،عدالت نے کہا کہ اپنے رولز میں ترمیم کریں اور جرمانے بڑھائیں،آج کے دور میں ہزار یا 2ہزار جرمانہ کیا کہتا ہے،جرمانے بڑھائیں سب سیدھے ہو جائیں گے،عدالت نے کہاکہ پی ڈی ایم اے سویا ہوا ہے، محکمہ ماحولیات جاگ گیا ہے،پنجاب میں کوئی منصوبہ محکمہ ماحولیات کی منظوری کے بغیر شروع نہیں ہوگا،عدالت نے سموگ کیس کی سماعت 10فروری تک ملتوی کردی۔