کابینہ کمیٹی نے دونوں کرکٹ سیریز کیلئے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا 21 واں اجلاس ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر محکمہ خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور صوبائی وزیر محکمہ صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے شرکت کی ۔
اجلاس میں سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال کےبارے میں بریفنگ دی،کابینہ کمیٹی نے سہ ملکی کرکٹ سیریز اور چیمپئن ٹرافی کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔کابینہ کمیٹی نے قذافی اسٹیڈیم کی جوائنٹ سکیورٹی آڈٹ رپورٹ کے مطابق فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی
کابینہ کمیٹی نے دونوں کرکٹ سیریز کیلئے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دی۔کرکٹ میچز سے قبل سٹیڈیم کے گرد سیف سٹی کو تمام کیمرے آپریشنل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و چیئرین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسند عناصر کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ پاکستان میں سہ ملکی کرکٹ سیریز اور چیمپئن ٹرافی کیلئے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ایل پی جی میں ملاوٹ اور چوری سنگین جرم ہے جو قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہا ہے۔ ایل پی جی ٹینکرز کے حادثات میں ملوث عناصر کیخلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ ایل پی جی کنٹینرز اور باؤزرز میں چوری اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور پی سی بی سے افسران نے شرکت کی۔صوبہ بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔