شہری کے باغیچے سے 102 سانپ نکل آئے، پکڑتے پکڑتے بھی مادہ سانپ نے کئی بچوں کو جنم دے دیا

سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا میں رہنے کا مطلب ہے کہ آپ کو کبھی کبھار اپنے گھر کے آس پاس سانپوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن سڈنی کے ایک شہری کو اس سے کہیں زیادہ حیران کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے باغ سے 102 سانپ برآمد ہوئے۔ ڈیوڈ اسٹین نے اپنے گھر کےپیچھے باغیچے میں ایک ملچ (پودوں کی حفاظت کے لیے بچھی ہوئی نامیاتی تہہ) کے ڈھیر میں چند سانپ دیکھے اور فوراً ریپٹائل رِی لوکیشن سڈنی کو مدد کے لیے بلایا۔
سی این این کےمطابق سانپ پکڑنے والے ڈیلن کوپر نے جب ملچ کھودنا شروع کیا تو مجموعی طور پر 102 سانپ نکلے، جن میں پانچ بالغ اور 97 نومولود سانپ شامل تھے۔ یہ تمام ریڈ بیلیڈ بلیک اسنیکس (Red-bellied Black Snakes) تھے، جو زہریلی قسم کے سانپ ہوتے ہیں۔ ان کی مادہ عموماً اجتماعی طور پر بچوں کو جنم دیتی ہیں، لیکن ایک ہی وقت میں اتنے زیادہ سانپوں کی پیدائش کا منظر دیکھنا انتہائی غیر معمولی واقعہ ہے۔
سانپوں کو ہٹانے میں تقریباً تین گھنٹے لگے۔ ایک حاملہ مادہ، جسے وہاں سے ہٹایا گیا تھا، نے نقل مکانی کے بیگ میں ہی مزید سانپوں کو جنم دے دیا۔ کیریوارو کا کہنا تھا کہ اسٹین نے بالکل صحیح وقت پر کال کی، کیونکہ اگر سانپ پکڑنے والے وقت پر نہ پہنچتے تو یہ پورے علاقے میں پھیل جاتے۔