رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا وفد بیجنگ پہنچ گیا

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا وفد بیجنگ پہنچ گیا

بیجنگ(اے پی پی) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا وفد گذشتہ روزچین کے دورہ پر بیجنگ پہنچ گیا۔وفد کے اعزاز میں چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے استقبالیہ دیا۔ وفد کے دورہ کا مقصد چین کیلئے پاکستانی چاول کی برآمدات میں اضافہ کے امکانات تلاش کرنا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستانی رائس ایکسپورٹرز چین کی جانب سے دی جانے والی مراعات اور مواقع سے بھرپور استفادہ کریں گے اور پاکستان کی چاول کی برآمدات میں اضافہ سے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ کا با عث بنیں گے۔ انہوں نے پاکستانی برآمدکنندگان پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت بالخصوص چین کیلئے چاول کی برآمدات کوبڑھانے کیلئے آگے آئیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے چین کے ساتھ پاکستانی تجارت، کاروبار، فنانشل اورکمرشل تعلقات کومزید توسیع دینے کیلئے انتہائی واضح اور مربوط وژن دیا ہے جبکہ دوسری جانب چین کے آئی سی بی سی بنک نے بھی پاکستان میں اپنی برانچیں کھول دی ہیں تاکہ رقوم کی منتقلی کے مرحلہ کو تیز اور آسان بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ 2012ءکے دوران پاکستان نے چین کو 268 ملین ڈالر مالیت کے چاول برآمد کئے اوراس میں مزید اضافہ کے امکانات موجود ہیں ۔ پاکستانی وفد رائس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر چیلا رام کی قیادت میں چین کا دورہ کر رہا ہے۔

مزید : کامرس


loading...