غداری کا مقدمہ مشر ف نہیں فوج کےخلا ف چلایا جارہا ہے، احمد رضا قصوری

غداری کا مقدمہ مشر ف نہیں فوج کےخلا ف چلایا جارہا ہے، احمد رضا قصوری

اسلام آباد (آئی این پی) سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ خصوصی عدالت میں غداری کا مقدمہ پرویز مشرف کے خلاف نہیں فوج کے خلاف چلایا جارہا ہے‘ فوج اور عوام کے ٹکراﺅ کا ماحول بنانے کی سازش میں حکومت ملوث ہے‘ فوج کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘ 1999 میں بھی میاں نواز شریف کلنٹن کو فوج سے متعلق شکایات لگایا کرتے تھے‘ پرویز مشرف نے چالیس سال فوج کی خدمت کی ہے‘ ان کی بیماری سے متعلق عدالت ہسپتال سے رپورٹ طلب کرتی ‘اکرم شیخ پراسیکیوٹر کی بجائے پرسیکیوٹر (متعصب شخص )کا کردار ادا کررہے ہیں۔ وہ پیر کو خصوصی عدالت میں مقدمے کی سماعت میں وقفہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی عدالت میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ نہیں چل رہا بلکہ غداری کا مقدمہ فوج کے خلاف چلا کر پاک فوج کو بدنام کیا جارہا ہے۔ پراسیکیوٹر نے دوران سماعت کہا ہے کہ پرویز مشرف فوج کی پناہ میں چلے گئے ہیں جس کے باعث فوج اور عوام میں کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان ٹکراﺅ کا ماحول بنانے کی سازش کرنے میں حکومت ملوث ہے میاں نواز شریف دوسرے دور حکومت میں بھی فوج کے خلاف امریکی صدر بل کلنٹن کو شکایتیں لگایا کرتے تھے اس دوران ان کی شکایتوں پر واشنگٹن اور نیویارک میں دو پوسٹر چھپے تھے جن پر فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی تھی جبکہ انہی پوسٹروں کی بنیاد پر ہندوستان میں پاکستان کے سفارتخانے کے باہر شدید احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے فوج کو دبانا چاہتی ہے جس کے لئے فوج کو ہر معاملے میں گھسیٹنے کی کوشش کی جاتی ہے میاں نواز شریف فوج کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں‘ پاک فوج کی توہین ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے چالیس سال پاک فوج کی خدمت کی ہے وہ طبعیت کی خرابی کے باعث فوجی ہسپتال میں داخل ہیں خصوصی عدالت کو چاہئے تھا کہ وہ ہسپتال سے پرویز مشرف کی صحت سے متعلق رپورٹ طلب کرتی احمد رضا قصوری نے کہا کہ کیس کے متعلق پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے قانونی معاملات عدالت میں پیش کئے ہیں اب عدالت کا کام ہے کہ وہ ملکی مفادات کو پیش نظر رکھ کر انصاف کرے

احمد رضا قصوری

مزید : صفحہ اول


loading...