گلشن معمار کے قریب سے 6 تشدد زدہ لاشیں برآمد، مقتولیں کے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا: پولیس
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائدکے علاقے گلشن معمار کے قریب سے 6 تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں تیز دھار آلے کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق تمام مقتولین مرد ہیں جن میں سے 3 افراد منور، سلیم اور جاوید کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان تمام افراد کو گلشن معمار سے اغواءکے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر خنجر کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا ، پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔ مقتولین کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام افراد فیکٹری ورکر اور مزدور ہیں جنہیں واپسی پر اغواءکے بعد قتل کیا گیا۔ ایس ایس پی عامر فاروقی کے مطابق پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق مقتولین کو گزشتہ رات 8 سے 9 بجے کے درمیان قتل کیا گیا جبکہ اس واردات میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔