سکول فیڈنگ پروگرام ، غریب طالبعلموں کو وٹامنز فراہم کئے جائیں گے

سکول فیڈنگ پروگرام ، غریب طالبعلموں کو وٹامنز فراہم کئے جائیں گے

  

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی حکومت تعلیمی پسماندگی کے شکار اضلاع میں بے وسیلہ گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کی غرض سے سکول فیڈنگ پروگرام شروع کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت سرکاری سکولوں میں طالبعلموں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ضروری وٹامنز سے مزین غذا بھی مہیا کی جائے گی اس اقدام سے غربت کی بنا پر غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کو خصوصی فائدہ پہنچے گااور دوسری جانب والدین کو بھی یہ تحریک ملے گی کہ وہ اپنے بچوں کو سکول بھیجیں۔اس حوالے سے گزشتہ روزسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندوں کا ایک نجی ہوٹل میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پرورلڈ فوڈ پروگرام کے انٹر نیشنل ٹیکنیکل مشن ، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس میں سکول فیڈنگ پروگرام کے اجراء کے مختلف پہلوؤں پر غور کیاگیا۔صوبائی وزیر رانا مشہود نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی صحت کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانا چاہتی ہے ۔ہم اپنے بچوں کو غربت کی بنا پر بیماریوں کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔اس پروگرام کی بدولت متوازن غذا سے محروم طالبعلم مختلف بیماریوں سے محفوظ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرا م سرکاری سکولوں کیلئے مختلف غذائی ماڈلزمتعارف کروانے کے حوالے سے حکومت پنجاب کو ضروری راہنمائی فراہم کرے گا۔اس طرح غذائیت سے بھرپورخوراک کی فراہمی سے طالبعلموں میں حصول علم میں دلچسپی بڑھے گی اور پسماندہ علاقوں میں سکول انرولمنٹ میں بھی اضافہ ہو گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -