پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کا 13 جنوری کو احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کا 13 جنوری کو احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کا اجلاس گزشتہ روز سروسز ہسپتال میں منعقد ہوا، مطالبات حل نہ ہونے پر 13 جنوری کو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان، اجلاس کی صدارت لاہور ڈویژن کے چیئرمین رانا تنویر اور صدر محمد ارشد بٹ نے کی۔ اجلاس میں لاہور کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کے نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر شرکاء نے سیکرٹری صحت اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ ہمارے مطالبات پر فوری عملدرآمد اور نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال میں دوران ملازمت جو ملازم انتقال کر جاتا ہے اس کی بیوہ کو فوری 4 تنخواہیں جاری کرنے کے حکومت کے احکامات ہیں لیکن افسوس سروسز ہسپتال کی انتظامیہ بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس پر فوری ایکشن لیا جائے ۔ محمد ارشد بٹ نے مزید کہا کہ سروسز ہسپتال انتظامیہ ورک چارج ملازمین بھرتی کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نئے ملازمین بھرتی کرنے ے بجائے پہلے جو ورک چارج ملازمین عرصہ دراز سے کام کر رہے ہیں۔ ان کی ملازمت کے آرڈروں میں توسیع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات منظور اور حل نہ کئے گئے تو پیرا میڈیکل لاہور ڈویژن 13 جنوری 2017ء سے احتجاجی تحریک شروع کر دے گی اور سب سے پہلے سول سیکریٹ کے مین گیٹ پر دھرنا دیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -